عمران خان پیسوں کی پیشکش کرنے والے کا نام بتائیں ورنہ قانونی کارروائی کریں گے، پنجاب حکومت

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اپريل 2017

 لاہور: ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان 10 ارب روپے کی پیشکش کرنے والے فرد کا نام بتائیں ورنہ قانونی کارروائی کے لئے تیار ہوجائیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت ملک محمدخان کا کہنا تھا کہ  عمران خان کو 10 ارب روپے کی پیشکش کے بیان پر اٹھنے والا طوفان ابھی تھما نہیں عمران خان اس شخص کا نام بتائیں جس نے انہیں اتنی بڑی رقم دینے کی پیشکش کی تھی اور اگر انہوں نے نام نہ بتایا تو پھر وہ قانونی کارروائی کے لئے تیار ہوجائیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: 10 ارب تو ابتدائی پیش کش تھی رقم بڑھانے کی آفر بھی کی گئی تھی

ترجمان پنجاب حکومت نے عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف پر لگائے گئے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کوئی 10 روپے دینے کو تیار نہیں تو انہیں کوئی 10 ارب روپے کیا دے گا اگر انہوں نے 3 دن کے اندر اپنے بیان کی وضاحت پیش نہ کی تو پھر پنجاب حکومت ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرے گی، اور یہ دعویٰ سیاسی نہیں بلکہ ایک جھوٹے عوامی لیڈر کو بے نقاب کرنے کےلئے ہوگا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران خان کو 10 ارب تو دور10 روپے بھی نہیں دیئے جاسکتے

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کو بحیثیت بڑی جماعت کے رہنما اپنی زبان اور اعصاب پر قابو رکھنے کی ضرورت ہے انہوں نے مالاکنڈ میں علاقائی تعصب پھیلانے کی کوشش کی کیوں کہ وہ سی پیک اور توانائی منصوبوں سے لاعلم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔