عمر اکمل کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں پڑ گئی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 28 اپريل 2017
متنازع بیان پر پنجاب ٹیم کے منیجر اور کوچ نے بھی عمر اکمل کے خلاف بیان دے دیا۔ فوٹو: فائل

متنازع بیان پر پنجاب ٹیم کے منیجر اور کوچ نے بھی عمر اکمل کے خلاف بیان دے دیا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: جنید خان سے متعلق متنازعہ بیان دینے پر عمر اکمل کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں پڑتی دکھائی دے رہی ہے۔

پاکستان کپ میں شریک ٹیم پنجاب کے کپتان عمر اکمل نے گزشتہ روز ٹیم کے پیسر جنید خان کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ اچانک لاپتہ ہو گئے ہیں اور ٹیم منیجمنٹ بھی اس حوالے سے لاعلم ہے۔ بعد ازاں جنید خان نے وڈیو پیغام میں وضاحت کی تھی کہ وہ لاپتہ نہیں ہوئے بلکہ فوڈ پوائزننگ اور بخار کی وجہ سے ٹیم ڈاکٹر کی ہدایت پر میچ میں شریک نہیں ہوئے اور عدم دستیابی سے متعلق ٹیم منیجمنٹ اور کپتان کو آگاہ کر دیا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عمر اکمل نے بیمار جنید خان کو گمشدہ قرار دے دیا

عمر اکمل کے متنازع انٹرویو پر پی سی بی نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنائی ہے جس معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کرے گی، ذرائع کے مطابق پنجاب ٹیم کے منیجر اور کوچ نے بھی عمر اکمل کے خلاف بیان دیا ہے جبکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی اس بیان پر ناراض ہیں اور عمر اکمل کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں پڑ گئی ہے۔

واضح رہے کہ عمر اکمل ماضی میں بھی کئی تنازعات میں الجھے رہے ہیں، ان کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سکیورٹی گارڈ اور ٹریفک وارڈن سے جھگڑے جبکہ حیدر آباد میں ڈانس پارٹی سکینڈل جیسے ناخوشگوار واقعات منظر عام پر آ چکے ہیں۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر وہ قومی ٹیم سے ڈراپ بھی ہوتے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔