کرکٹ سپرپاور سے ٹکرانے پاکستانی شاہین جنوبی افریقہ روانہ

اسپورٹس رپورٹر  پير 21 جنوری 2013
  ٹيم کا مورال بلند ہے سعید اجمل جیسا سپنر  اہم کردار ادا کرسکتا ہے.کپتان مصباح الحق   فوٹو: اے ایف پی

ٹيم کا مورال بلند ہے سعید اجمل جیسا سپنر اہم کردار ادا کرسکتا ہے.کپتان مصباح الحق فوٹو: اے ایف پی

لاہور: کرکٹ سپر پاور سے ٹکرانے کیلیے پاکستانی شاہین جنوبی افریقہ روانہ ہوگئے۔

کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی پروٹیز کے شکار کو تیار ہیں، یہ ٹور ہماری صلاحیتوں کیلیے کسی آزمائش سے کم نہیں، ہماری ٹیم اب چیلنجز قبول کرنے لگی ہے،  سعید اجمل کے ساتھ دیگر بولرز کا کردار بھی کافی  اہم ہوگا، بیٹسمینوں کووکٹ پر ضبط و تحمل کا ثبوت دینا ہوگا۔ ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ ٹورز کے دوران کھلاڑیوں پر سختی کا تاثر درست نہیں، اب سب اپنا اچھا برا سمجھنے لگے ہیں، اس بار بھی ٹیم اپنے ڈسپلن کی وجہ سے کامیابیاں سمیٹے گی۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل بھارت کو اسی کی سرزمین پر شکست دینے کے بعد قومی  کرکٹ ٹیم اگلی منزل جنوبی افریقہ روانہ ہوگئی، روایتی حریف کی طرح گرین شرٹس میزبان سائیڈ کو بھی اسی کی سرزمین پر چاروں شانے چت کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔گزشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے براستہ دبئی جوہانسبرگ روانہ والوں میں مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، ناصر جمشید، اظہر علی، اسد شفیق، یونس خان، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)،عمرگل، جنید خان، محمد عرفان،احسان عادل، سعید اجمل، عبدالرحمان، حارث سہیل،  فیصل اقبال اور توفیق عمر ، چیف کوچ ڈیو واٹمور، فیلڈنگ کوچ جولین فائونٹین، بولنگ کوچ محمد اکرم، ٹیم منیجر نوید اکرم اوردوسرے آفیشلز شامل ہیں۔

یاد رہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم 3ٹیسٹ،2 ٹونٹی20 اور5ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی، دورے کا آغاز 25جنوری کوجنوبی افریقن انویٹیشن الیون کے خلاف ایسٹ لندن میں وارم اپ میچ سے ہوگا۔ پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف پہلاٹیسٹ یکم فروری2013ء سے جوہانسبرگ میں، دوسرا ٹیسٹ14 فروری سے کیپ ٹاؤن اورتیسرا ٹیسٹ 22فروری سے سنچورین میںکھیلے گا۔ ایئرپورٹ پرمیڈیا سے بات چیت میں مصباح الحق نے کہا کہ جنوبی افریقہ نمبرون ٹیم ہے، اس کے پاس بہترین  بولنگ اور بیٹنگ لائن موجود ہے ، ان کے بیٹسمین فاسٹ بولرز اور اسپنرز دونوںکو اچھا کھیلتے ہیں جبکہ اسے ہوم گرائونڈ اور ہوم کرائوڈکا ایڈوانٹیج بھی حاصل ہوگا تاہم ہماری تیاریاں بھر پور ہیں اورمیزبان ٹیم کے خلاف بہترین نتائج دینے کے  لیے پرعزم ہیں۔

1

ایک سوال  پر انھوں نے کہا کہ کافی دیر کے بعد ہمارا ایک مشکل دور ہ آرہا ہے ، یہ ہمارے لیے امتحان اور اس سے اندازہ ہو جائیگا کہ ہم کس طرح کی کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔ مصباح  نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ موجود ہ ٹیم چیلنج کو قبول کرتی اور ہم کوشش کرینگے کہ دورے کے دوران بہترین کارکردگی دکھائیں۔ٹیم میں 8 ‘ 9کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں، تمام کھلاڑی انفرادی طور پر ٹیم کی جیت میں کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انھوں  نے کہا کہ ہمیں دورے کے باقاعدہ آغاز سے قبل کچھ روز مل جائینگے جس سے ہمیں وہاں کی کنڈیشنز کو سمجھنے میں مدد ملے گی کہ ہم نے کس کھلاڑی کو کہاں استعمال کرنا اور اس دوران ہم میچ تیاری کے لیول تک پہنچ جائینگے۔ مصباح الحق نے کہاکہ بولنگ ہمارا ہتھیار ہے اورہماری کوشش ہوگی کہ بیٹسمین ٹیسٹ سیریز میں وکٹ پر کھڑے ہو کر زیادہ سے زیادہ اسکور کر سکیں ۔

انھوں نے کہا کہ سعید اجمل کاکردار انتہائی اہم ہوگا لیکن اس دورے میں فاسٹ بولرز اور اسپنر دونوں کو کارکردگی دکھانا ہو گی۔ اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے کہاکہ پاکستانی ٹیم نے حالیہ کامیابیاں ڈسپلن کی وجہ سے سمیٹی ہیں اور اسی پر چلتے ہوئے ہی جنوبی افریقہ کو بھی مات دیکر واپس لوٹیں گے ، پاکستانی ٹیم اب میچور اور ایک یونٹ بن گئی ہے اور اس نے دورہ بھارت کے دوران اسکا عملی ثبوت پیش کیا ہے ،کھلاڑیوں پر کوئی پابندی نہیںاور کھلاڑیوں پر سختی کرنے کا تاثر بھی قطعی درست ۔ نوید اکرم نے کہا کہ کھلاڑی اب خود میچور ہو گئے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں کن سر گرمیوں سے پرہیز کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم بہت ڈسپلن ہے اور کھلاڑیوں کو جو بھی ہدایات ملتی ہیں وہ اس پر عمل کرتے ہیں، اسی ڈسپلن اور میچورٹی کی وجہ سے ٹیم جنوبی افریقہ کو مات دیکر لوٹے گی اور قوم کو خوشخبری سنائیں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔