ناصرجمشید جنوبی افریقہ میں صلاحیتیں منوانے کے خواہاں

اسپورٹس ڈیسک  پير 21 جنوری 2013
خود کو ورلڈ کلاس کرکٹر ثابت کرنا چاہتا ہوں، ناصر جمشید۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

خود کو ورلڈ کلاس کرکٹر ثابت کرنا چاہتا ہوں، ناصر جمشید۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

کراچی: اوپنر ناصر جمشید خود کو ورلڈ کلاس کرکٹر کے طور پر منوانے کے خواہاں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں خود پر صرف ایشین  بیٹسمین کا ٹھپہ نہیں لگنے دینا چاہتا، جنوبی افریقہ روانگی سے قبل ایک ویب سائٹ کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ لوگ مجھے صرف ریجنل بیٹسمین قرار دیں، ایک ایوریج او ورلڈ کلاس کرکٹر میں فرق ہوتا ہے، میں تسلیم کرتا ہوں کہ میں نے ایشیا سے باہر کرکٹ نہیں کھیلی، اس لیے جنوبی افریقہ کا دورہ میرے لیے حقیقی ٹیسٹ ثابت ہوگا اور میں اس کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔

2008 میں ڈیبیو کرنے والے ناصر جمشید اب تک زمبابوے، بنگلہ دیش،سری لنکا اور آسٹریلیا سے کھیل چکے ہیں تاہم کینگروز سے مقابلے بھی یو اے ای میں ہی ہوئے تھے، انھوں نے کہا کہ میں نے ابھی تک دنیا کے خوفناک ترین بولرز کا سامنا ہی نہیں کیا، اس لیے مجھے پوری توقع ہے کہ جنوبی افریقہ میں سخت مقابلہ ہوگا ، میں ورلڈ کلاس پروٹیز فاسٹ بولرز کا ان کے اپنے گرائونڈز میں سامنا کرنے کے لیے تیارہوں۔

ناصر جمشید نے مزید کہا کہ میں اپنی زندگی میں کبھی بھی جنوب افریقہ نہیں گیا مگر وہاں کی پچز کے حوالے سے معلومات رکھتا ہوں، مجھے معلوم ہے وہ بھی اپنا ہوم ورک کرچکے ہوںگے مگر مجھے اس کی کوئی پروا نہیں ہے، میں بھی ٹیسٹ کرکٹ کے لیے خاص طور پر تیاری کرکے جارہا ہوں۔یاد رہے کہ ناصر جمشید نے بھارت کے خلاف حال ہی میں مسلسل 2سنچریاں اسکور کی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔