بجٹ میں پاکستان انفرااسٹرکچر بینک کے قیام کا اعلان متوقع

ارشاد انصاری  ہفتہ 29 اپريل 2017
پیڈاپ کیپٹل1ارب ڈالر،پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈکا بینک کے قیام میں تکنیکی استعمال ہو گا، دستاویز۔ فوٹو : فائل

پیڈاپ کیپٹل1ارب ڈالر،پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈکا بینک کے قیام میں تکنیکی استعمال ہو گا، دستاویز۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد:  وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پاکستان انفرااسٹرکچربینک کے قیام کا باضابطہ اعلان متوقع ہے جس کا پیڈ اپ کیپٹل 1 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہوگا، اس بینک کے قیام کے سلسلے میں پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ (پی ڈی ایف) کے فنڈز کواستعمال کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا ہے تاہم امکان ہے کہ یہ استعمال تکنیکی معاونت کے لیے ہوگا۔

’ایکسپریس‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق پاکستان میں انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے، عالمی بینک کی جانب سے کرائی جانے والی اسٹڈی رپورٹ میں بھی اس بات کی نشاندہی کی جا چکی ہے جس میں کہا گیاکہ پاکستان کو 2020 تک اپنی جی ڈی پی کا 10فیصد حصہ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے منصوبوں پر خرچ کرنا ہوگا۔

دوسری جانب حکومت نے محدود مالی وسائل کے پیش نظر انفرااسٹرکچر کی بھاری ڈیمانڈ پوری کرنے کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی منصوبہ بندی کررہی ہے تاہم بینکوں کے اثاثہ جات اور واجبات کے مس میچ مسائل ہیں اور ان کے زیادہ تر ڈپازٹس قلیل مدتی ہیں جبکہ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ منصوبوں کے لیے طویل المیعاد فنانسنگ کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ ان پروجیکٹس کو مکمل ہونے میں وقت لگتا ہے، بہت سے ممالک نے انفرااسٹرکچر منصوبوں کی فنانسنگ کے لیے قومی ادارے قائم کیے ہیں اورپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اپنے کمرشل بینکوں کو مناسب کریڈٹ انہاسمنٹ تکنیکس کے ذریعے انفرااسٹرکچرمنصوبوں کی فنانسنگ کے لیے استعمال میں لایا گیا ہے۔

دستاویز میں بتایا گیاکہ حکومت موجودہ پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ (پی ڈی ایف) کے فنڈز کو پاکستان انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ بینک کے قیام کے لیے استعمال کرنے کی کوششیں کررہی ہے، پی ڈی ایف فنڈزکو پاکستان انفرااسٹرکچر بینک کے قیام کے لیے تکنیکی معاونت کے ضمن میں استعمال کیا جائے گا جبکہ پیڈ اپ کیپٹل سمیت اضافی ایکویٹی انجکشن کے لیے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) سمیت دیگر ڈونرز سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ترقیاتی منصوبوں کے تناظر میں انفرااسٹرکچر پروجیکٹس کے لیے فنانسنگ کی ڈیمانڈ میں بہت زیادہ اضافہ ہو گا جس کے لیے پاکستان انفرااسٹرکچر بینک کے جلد ازجلد قیام کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اس لیے حکومت نے اصولی فیصلہ کیا ہے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پاکستان انفرااسٹرکچر بینک کے قیام کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔