کراچی میں کثیرالمنزلہ عمارت میں لگی آگ کئی گھنٹے بعد بھی بے قابو

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 اپريل 2017

 کراچی: آئی آئی چندریگرروڈ پر واقع کثیرالمنزلہ عمارت میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہفتے کی علی الصبح ساڑھے 5 بجے کراچی کی مصروف ترین کاروباری شاہراہ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع کثیرالمنزلہ عمارت کی 16ویں منزل پر واقع ایک دفتر میں آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ عملے کے پاس مطلوبہ اونچائی تک رسائی کے لیے اسنارکل ہی نہیں تھی جس کی وجہ سے آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی 17ویں، 18ویں اور 19ویں  منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:لانڈھی کی فیکٹری میں آگ لگ گئی

فائربریگیڈ حکام نے صورت حال کو دیکھتے ہوئے اسے تیسرے درجےکی آگ قرار دے دیا ہے، فائربریگیڈ کے پاس موجود اسنارکل کی اونچائی کم ہونے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر کے تمام فائراسٹیشنز سے فائرٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کے پی ٹی اور نیوی کے فائر ٹینڈرز بھی الرٹ ہیں۔

چیف فائر آفیسرتحسین احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے وقت عمارت میں موجود تمام لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے جائے وقوعہ پر صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ 8سال میں محکموں کاستیاناس ہوگیا، پورے کراچی میں عمارتوں کا انبار لگادیا ہے، 8 سال میں فائر بریگیڈ کے لیے نئے آلات نہیں خریدے گئے، آگ سے متاثرہ عمارت میں فائر ایگزٹ نہیں ہے، اس صورت حال پر صوبائی حکومت کو شرم آنی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔