ہم کام کررہے ہیں اور مخالفین ٹانگیں کھینچنےمیں لگے ہوئے ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 اپريل 2017

اوکاڑہ: وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مخالفین ہماری ٹانگیں کھینچنے میں لگے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اگر ہم اسی طرح کام کرتے رہے تو وہ 2018 میں بھی فارغ ہیں۔

اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ہماری جس سے دوستی ہوتی ہے وہ رہتی ہے، ایک بار کا دوست زندگی بھر کا دوست ہوتا ہے،عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔

وزیر اعظم نے  اوکاڑہ کے100 دیہات میں گیس کی فراہمی اور بلدیاتی نمائندوں کو بنیادی مسائل کے حل کے لیے 50،50 کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تیزی سے ترقی ہورہی ہے، لاہور سے ملتان موٹر وے کی تعمیر شروع ہوچکی ہے اور یہ سڑک سکھر، حیدر آباد اور کراچی تک جائے گی، ہم سے پہلی حکومتیں عوام کو لوڈشیڈنگ کا تحفہ دے کرگئیں، گزشتہ حکومت نے بجلی کا کباڑہ کردیا جسے ہم ٹھیک کررہےہیں، ہم نے دو سال پہلے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی، 2018 تک ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی، ہم صرف بجلی ہی نہیں دے رہے بلکہ اسے سستی بھی کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دور اقتدار کے درمیان جو لوگ آئے ان سے پوچھا جانا چاہیے کہ انہوں نے عوام کے لیے اچھے ترقیاتی منصوبے کیوں نہیں بنائے، ہم کام کررہے ہیں فارغ نہیں بیٹھے لیکن ہمارے مخالفین ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اگر ہم اسی طرح کام کرتے رہے تو وہ 2018 میں بھی فارغ رہیں گے۔ وہ احتجاج کریں اور ہم عوام کی خدمت کریں گے، ان کے نصیب میں احتجاج اور ہمارے نصیب میں عوام کی خدمت ہے، ہم سڑکیں بنارہے ہیں اور وہ سڑکیں ناپتے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔