الیکشن کمیشن پر تحفظات دور نہ ہوئے تو سونامی مارچ ہوگا، عمران

آئی این پی  پير 21 جنوری 2013
نگراں حکومت پر کسی کو مک مکا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،سربراہ تحریک انصاف۔ فوٹو: آن لائن/فائل

نگراں حکومت پر کسی کو مک مکا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،سربراہ تحریک انصاف۔ فوٹو: آن لائن/فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دعوی سے کہتا ہوں کہ آئندہ انتخابات میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کا مکمل صفایا ہو جائیگا۔

نگران حکومت پر کسی کو مک مکائو کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘ الیکشن کمیشن کے حوالے سے ہمارے تحفظات دور نہ ہوئے تو سونامی مارچ ہر صورت ہو گا جس کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکے گی‘ حکومت کی کرپشن بے نقاب کرنیوالوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ انتہائی بھیانک ہے۔ وہ لاہور میں اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق تحصیل ناظم رانا انور الحق دیگر سے گفتگو کر رہے تھے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت کے اصل چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور نواز شریف اپنی سیاست بچانے کیلیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہو جاتے ہیں۔

2

اگر ان کو کبھی مشرف کی ضرورت پڑی تو اس سے بھی اتحاد کر لیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام میں جو تبدیلی کا فیصلہ آج نظر آ رہا ہے یہ آئندہ انتخابات میں تمام کرپٹ اور مفاد پرستوں کو مسترد کر دیگا۔ آنیوالی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں کسی چور اور لٹیرے کو نہیں بلکہ ایماندار اور عوامی محبت رکھنے والے لوگوں کو ہی ٹکٹ دیگی جس سے یقیناً وہ لوگ پارلیمنٹ میں عوامی مسائل کو بہتر انداز میں اجاگر کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ کردیا جائے تو مہنگائی‘ بیروزگاری سمیت بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں مگر حکومتی کرپشن بے نقاب کرنیوالوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ انتہائی بھیانک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔