پنجاب بھرمیں 318 رمضان، 27 ماڈل بازار لگانے کا فیصلہ

اے پی پی  اتوار 30 اپريل 2017
رمضان بازاروں کا آغاز24 مئی سے ہوگا جہاں سے عوام روز مرہ ضروریات کی تمام اشیا صبح9 بجے سے شام6 بجے تک خرید سکیں گے۔ فوٹو: فائل

رمضان بازاروں کا آغاز24 مئی سے ہوگا جہاں سے عوام روز مرہ ضروریات کی تمام اشیا صبح9 بجے سے شام6 بجے تک خرید سکیں گے۔ فوٹو: فائل

لاہور: صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں عوام کو اشیا خوردونوش ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لیے صوبے بھر میں 318 رمضان بازار اور27 ماڈل بازار لگائے جائیں گے۔

صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے مختلف بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات میں بتایاکہ تمام محکمے فوری طورپر صوبے بھر میں موجود اجناس کی موجودگی اور گزشتہ سالوں میں ماہ رمضان کے دوران ان اشیائے ضروریہ کے استعمال کے اعداد و شمار چیک کریں اور اسٹاک کم ہونے کی صورت میں متعلقہ درآمد کنندگان سے فوری رابطہ کرکے اشیا کی صوبے میں وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنائیں۔ اشیائے ضروریہ کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کا سلسلہ صرف رمضان بازاروں اور ماڈل بازاروں تک ہی محدود نہیں رکھاجائے گا بلکہ کم آمدنی والے افراد کے علاقوں میں ٹرکوں کے ذریعے ان کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

واضح رہے کہ رمضان بازاروں کا آغاز24 مئی سے ہوگا جہاں سے عوام روز مرہ ضروریات کی تمام اشیا صبح9 بجے سے شام6 بجے تک خرید سکیں گے جبکہ ماہ رمضان میں خاص طور پر استعمال ہونے والی اجناس وپھل وغیرہ کی دستیابی سوفیصد یقینی بنائی جائے گی اور ایسی اجناس اورپھل جن کا سیزن نہیں ہے ان کو بیرون ملک سے درآمدکیا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔