سینیٹ میں بشیر بلور کو امن کے نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

ویب ڈیسک  پير 21 جنوری 2013
بشیر احمد بلور کو گزشتہ ماہ پشاور میں دہشتگردوں نے شہید کردیا تھا۔  فوٹو: ایکسپریس/فائل

بشیر احمد بلور کو گزشتہ ماہ پشاور میں دہشتگردوں نے شہید کردیا تھا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

اسلام آباد: سینیٹ میں بشیر احمد بلور کو امن کے نوبل انعام کے لئے نامزد کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ 

چئیرمین سید نیئر حسین بخاری کی سربراہی میں سینیٹ کے اجلاس میں جے یو آئی (ف) اور بی این پی عوامی کے ارکان نے بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے خلاف واک آؤٹ کیا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا اختر شیرانی نے کہا کہ  گورنر راج لگا کر یہ تاثر دیا گیا کہ بلوچستان اندرونی خلفشار کا شکار ہے لیکن گورنر نے نہ تو اس حوالے سے کوئی رپورٹ بھیجی اور نی ہی اسمبلی میں اندرونی خلفشار سے متعلق قرارداد پیش کی۔

اجلاس کے دوران قائد ایوان جہانگیر بدر، مسلم لیگ(ن) کے راجہ ظفر الحق اور نصیر مینگل نے جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملکی سیاست میں ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، اس دوران گزشتہ ماہ پشاور میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے سنئیر صوبائی وزیر بشیر احمد خان بلور کو امن کے نوبل انعام کے لئے نامزد کرنے کی قرارداد پیش بھی کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔