بھارت: ہر20منٹ میں ایک خاتون سے زیادتی

آئی این پی  منگل 22 جنوری 2013
 پنجاب میں ایک اور لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بناکر چلتی گاڑی سے پھینک دیا گیا. فوٹو: فائل

پنجاب میں ایک اور لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بناکر چلتی گاڑی سے پھینک دیا گیا. فوٹو: فائل

نئی دہلی:  بھارت میں ملک گیر عوامی احتجاج، حکمرانوں کے دعوے اور عدالتی کارروائیوں کے باوجود خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہونے لگا۔

، ریاست پنجاب میں ایک اور لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد چلتی گاڑی سے سڑک پر پھینک دیا گیا۔ اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں ہر 20منٹ بعد ایک خاتون سے زیادتی کا واقعہ ہورہا ہے ۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں خواتین سے درندگی کے واقعات کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔ ایک کے بعد ایک واقعہ سامنے آ رہا ہے۔ بھارت کے شمالی شہر بھٹنڈا میں ملازمت کیلیے گھر سے نکلنے والی لڑکی کو نامعلوم شخص نے اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد چلتی گاڑی سے پھینک دیا۔

لڑکی کو چندی گڑھ سے اغوا کیا گیا جہاں وہ بے چاری انٹرویو دینے گئی تھی۔ بھٹنڈا کے اسپتال میں زیرعلاج متاثرہ لڑکی نے کہاکہ اس پر تشدد بھی کیا گیا اور نشہ آور انجکشن بھی لگائے گئے۔بھٹنڈا پولیس کے مطابق لڑکی کو اغوا کے بعد 2 روز تک قید میں رکھا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسکول بس کے کنڈیکٹر نے بچی کو بس میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔

اس سے کچھ روز پہلے چند وحشی عناصر نے ایک 16سالہ لڑکی کو ریل سے اتار کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور قریبی واقع درخت سے پھندہ لگا کر قتل کردیا۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق بھارت میں ہر 20منٹ بعد ایک خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جبکہ2011 میں بھارت میں زیادتی کے24206 واقعات رپورٹ ہوئے۔ عدالتوں نے خواتین کے ساتھ زیادتی کے ان مقدمات میں فیصلے دیے لیکن صرف26 فیصد مقدمات میں مجرموں کو سزائیں سنائی گئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔