ایف بی آر اراضی واپس لینے کیلیے قانونی کارروائی کرے گا

احتشام مفتی  ہفتہ 6 مئ 2017
صنعتکار آمادگی کے باوجود ہاکس بے روڈ پر 6 ایکڑزمین کی ملکیتی دستاویز نہ دے سکا۔ فوٹو: فائل

صنعتکار آمادگی کے باوجود ہاکس بے روڈ پر 6 ایکڑزمین کی ملکیتی دستاویز نہ دے سکا۔ فوٹو: فائل

کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اسٹیٹ سیل اور اینٹی انکروچمنٹ ونگ فارآئی آرایس پراپرٹیز ان سندھ نے کراچی میں اپنی زیرملکیت اراضیوں کے واہ گزار کرنے کی مہم کے تحت مختلف صنعت کاروں کو قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی ہے۔

اسٹیٹ سیل کے ڈپٹی ڈائریکٹرہیڈکوارٹرزکی جانب سے صنعت کاروں کو بھیجے گئے خط میں فیڈرل گورنمنٹ لینڈاینڈ بلڈنگز(ریکوری آف پزیشن) آرڈیننس مجریہ1965 کے سیکشن5 (1) کے تحت دیے گئے شوکازنوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ ادارہ مذکورہ قانون کے تحت وفاقی حکومت کی زمین و عمارت واہ گزار کرانے کے لیے کاروائی کا اختیاررکھتا ہے تاہم مذکورہ کیس میں اسٹیٹ آفس نے انکوائری کی اس دوران ایک صنعتکار عبدالحفیظ میمن مین ہاکس بے روڈ ماڑی پور پر واقع 6 ایکڑپرمشتمل اراضی کی ملکیت کی دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہے حالانکہ اس صنعت کار نے3 اپریل2017 کوسیل کے افسر سے بات چیت کے دوران مذکورہ اراضی سے متعلقہ دستاویز پیش کرنے پراتفاق کیا تھا لیکن اس کے بعد مذکورہ صنعتکار کی جانب سے وفاقی حکومت کے کام میں رکاوٹ بھی ڈالی گئی اور اراضی سے متعلق کسی قسم کی دستاویز بھی پیش نہیں کی جا سکی۔

دوسری جانب صنعت کاروں کو بھیجے خط میں ایف بی آر کے اسٹیٹ سیل نے موقف اختیار کیا کہ وہ مندرجہ بالا حقائق کی روشنی میں متعلقہ آرڈیننس کے رول2 (E) کے تحت مذکورہ اراضی پرناجائز قابض ہیں اور اس حوالے سے انہیں اس حقیقت سے آگاہ کیا جاتا ہے کہ سندھ حکومت اور کے ایم سی نے ٹرک اسٹینڈ کے قیام کے لیے مذکورہ اراضی کی الاٹمنٹ کے لیے25 مارچ 1976 کوایف بی آر سے درخواست کی تھی تاہم ایف بی آرنے اس سے اتفاق نہیں کیا تھا لیکن اس کے باوجود مذکورہ اراضی پر ٹرک اسٹینڈ غیرقانونی طور پر قائم کردیا گیا۔

واضح رہے کہ ایف بی آر کے اسٹیٹ سیل نے پہلے مرحلے میں ہاکس بے روڈ پر واقع 3 مختلف صنعتوں کوشوکازنوٹسز جاری کیے تھے اور انہیں14 مارچ2017 تک دستایزی ثبوت کے ہمراہ پیش ہونے کا موقع فراہم کیا تھا، ابتدائی شوکاز نوٹس میں ان صنعت کاروں پر واضح کیا گیا تھا کہ متعلقہ دستاویزی ثبوت پیش نہ کرنے کی صورت میں مذکورہ اراضیوں پر تعمیرات کو مسمارکرکے دوبارہ قبضہ حاصل کرلیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ایف بی آر کے اسٹیٹ سیل کا کہنا ہے کہ ہاکس بے روڈ پر ایف بی آرکی زیرملکیت 4 ہزار ایکڑ سے زائداراضی پرغیرمجاز عناصر قابض ہیں جسے بہرصورت واہ گزار کرایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔