سوشل میڈیا کے لیے بہترین ٹولز، جو یوزرز کے لیے مختلف طریقوں سے سودمند ہیں

ثناء غوری  اتوار 7 مئ 2017
نئے سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم سامنے آتے رہتے ہیں اور استعمال کنندگان کی توجہ حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ فوٹو: نیٹ

نئے سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم سامنے آتے رہتے ہیں اور استعمال کنندگان کی توجہ حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ فوٹو: نیٹ

سوشل میڈیا ایک دل چسپ دنیا ہے۔ سماجی میڈیا کے جہاں میں سرگرمِ عمل سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس اپنی مقبولیت میں اضافے اور اپنے استعمال کنندگان کی تعداد بڑھانے کے لیے دن رات کوشاں رہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے طرح طرح کے آپشنز اور فیچرز سامنے لائے جاتے ہیں۔ اسی طرح نئے سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم سامنے آتے رہتے ہیں اور استعمال کنندگان کی توجہ حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرتے ہیں۔

جس طرح سوشل میڈیا دل چسپی کا حامل ہے بالکل اسی طرح سماجی میڈیا کے ٹولز سے آگاہی بھی ایک دل چسپ موضوع ہے۔

سوشل میڈیا کی مختلف سائٹس اوسطاً ہر ہفتے سماجی میڈیا کا کوئی نیا ٹول بناتی اور متعارف کراتی ہیں، جن کا تعلق سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے استعمال کنندگان کے روزمرہ کے استعمال سے ہوتا۔ یہاں ہم اس سال کے ایسے ہی  سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے بہترین ٹولز کے بارے میں آپ کو بتارہے ہیں، جن کا تعلق مختلف نوعیت کی سرگرمیوں سے ہے اور جن کی اپنی اپنی افادیت ہے۔  اگر آپ اپنی سوشل نیٹ ورکنگ بناتے ہیں تب یہ ٹول، جن میں سے کسی کو قیمت دے کر حاصل کیا جاسکتا ہے اور کوئی بلاقیمت دست یاب ہے، آپ کی سائٹ کو مقبول بنانے میں نہایت سود مند ثابت ہوں گے۔

٭ Quuu

یہ ٹول اطلاعات یا مواد کو منظم کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے کام آتا ہے۔ اس ٹول کے ذریعے مواد کو یک جا اور منظم کرنا بہت آسان ہوجاتا ہے۔

اس ٹول کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو سافٹ ویئر ایپلی کیشن بفر سے رابطہ استوار کرنا ہوگا اور  اپنی دل چسپی کی کیٹیگری میں سے انتخاب کرنا ہوگا۔

Quuu آپ کو متعلقہ اطلاعات اور مواد کو منظم اور یک جا کرکے بھیجتا ہے، جس کے بعد آپ اس مواد کو اپنی مرضی اور ترجیحات کے مطابق ایڈٹ کرسکتے ہیں۔ یہ ٹول ایک ہی وقت میں 300 مختلف موضوعات سے متعلق مواد کو یک جا اور منظم کردیتا ہے۔

٭Panda 5

یہ  ایک نیوز ریڈنگ ایپلی کیشن ہے۔ یہ ایپلی کیشن بھی مواد کو منظم اور یک جا کرنے کے کام آتا ہے۔

اس ٹول کو اپنا مددگار بناتے ہوئے آپ اپنے مطلوبہ اور پسندیدہ مواد یا اطلاعات کی یک جائی اور انھیں منظم کرنے کا عمل تیزرفتار بناسکتے ہیں۔  اس  ایپلی کیشن کے ذریعے آپ نہایت تیزرفتاری کے ساتھ ایک ہی وقت میں مختلف ویب سائٹس پر مواد شیئر کر سکتے ہیں۔

جب آپ ایک بار اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو اس ایپلی کیشن سے وابستہ کرلیں گے تو یہ آپ کے لیے فیڈز کی ایک لسٹ تجویز کرے گی۔  اس ٹول پر آپ مزید ایسی فہرستیں تلاش کرسکتے ہیں۔

اس کے ساتھ  اس ایپلی کیشن پر آپ بہ آسانی مختلف نوعیت کے مضامین کا مطالعہ بھی کر سکتے ہیں۔

پانڈا کا ایک دل چسپ فیچر یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ اس کے ذریعے  مختلف مقبول سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کی فیڈز ایک جگہ جمع کرکے پیش کی جاسکتی ہیں۔

٭Yotpo

یہ ٹول سوشل میڈیا کے استعمال کنندگان کے لیے سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر موجود تصاویر یک جا کرکے سامنے لاتا ہے۔

Yotpo انسٹاگرام کے استعمال کنندگان کی جانب سے تخلیق کردہ اور اس سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم پر شیئر کی جانے والی بہترین تصاویر جمع کرتا ہے اور پھر ان تصاویر کا استعمال یوزرز کے لیے آسان بنادیتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ ٹو تصاویر کو منظم اور یک جا بھی کرتا ہے۔

اس ٹول کو استعمال کرنے کے کئی طریقہ ہیں۔ اس کے ایڈوانس سرچ فنکشنز کی مدد لیتے ہوئے استعمال کنندگان انسٹاگرام پر اپنی فیڈ تخلیق کرسکتے ہیں۔ اس کے ذریعے آپ بہ آسانی اور تیزرفتاری سے انسٹاگرام کے یوزرز سے ان کی تصاویر استعمال کرنے کی اجازت حاصل کرسکتے ہیں اور ان تصاویر کو تخلیق کرنے والوں کا شکریہ ادا کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ انسٹاگرام کے قواعد وضوابط کے مطابق کسی صارف کی تصاویر استعمال کرنے کے لیے اس کی اجازت حاصل کرنا لازمی ہے۔  اس عمل کے بعد آپ اس ٹول کے ذریعے انسٹاگرام پر اپنی پسند کی فیڈ اور فوٹو گیلریز بناسکتے ہیں۔

٭Refind

یہ ٹول بہترین لنکس پانے کے لیے ایک بہت اچھا ذریعہ ہے۔

ریفائنڈ آپ کو انٹرنیٹ پر وہ لنکس تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جو آپ نے محفوظ کیے تھے مگر کسی وجہ سے اب آپ انھیں کھو چکے ہیں اور آپ کو ان لنکس کی ضرورت ہے۔

اس ٹول کے ذریعے آپ کھوئے ہوئے لنکس کو ازسرنو دریافت کرلیتے ہیں اور آپ کا کام بن جاتا ہے۔

اس ٹول کو استعمال کرکے کھوئے ہوئے آپ ریفائنڈ فیڈ میں مختلف مضامین تلاش کرسکتے ہیں۔ اس نوعیت کے لنکس حاصل کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ اس ٹول پر جاکر ایکسٹینشن بٹن پر کلک کرکے کوئی بھی لنک محفوظ کرلیں۔ اس کے بعد ایک ٹیگ یا ٹول کی طرف سے دی گئی تجاویز کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کھوئے ہوئے لنکس دوبارہ پانے کے لیے ریفائنڈ آپ کی مدد کرتا ہے۔ وہ اس طرح کہ آپ نے گوگل پر جن مخصوص موضوعات کو تلاش کیا ہوتا ہے، ریفائنڈ موضوعات سے متعلق تمام لنکس ڈھونڈ کر آپ کے سامنے انھیں نمایاں کردیتا ہے۔  یوں آپ مطلوبہ لنکس تک رسائی حاصل کرلیتے ہیں۔

ایسے مضامین جو آپ پڑھنا تو چاہتے ہیں مگر فوری طور پر نہیں بل کہ کچھ وقت یا کچھ دنوں کے بعد انھیں اپنے مطالعے میں لانے کے خواہاں ہیں، انھیں محفوظ کرنے کے لیے اس ٹول پر “Read Soon” کا فیچر موجود ہے۔

٭Adobe Spark

یہ ٹول کونٹینٹ کی تخلیق کے کام آتا ہے۔ اس سودمند ٹول کو استعمال کرتے ہوئے منٹوں میں وڈیوز، تصاویر اور اسٹوریز بنائی جاسکتی ہیں۔

Adobe Spark کی مدد سے آپ بہت خوب صورت گرافکس، ویب اسٹوریز اور اینیمیٹد وڈیوز چند منٹ کی محنت کے بعد تیار ہوجاتی ہیں۔

اس ٹول کے براؤزر ایڈیٹر کے ذریعے استعمال کنندگان سوشل گرافکس، ویب اسٹوریز اور وڈیوز تخلیق کر سکتے ہیں اور انھیں ایڈٹ کرسکتے ہیں۔

اس طرح اس ٹول کی مدد سے آپ گرافکس کا سائز مختلف سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم پر شیئر کرنے کے لیے ان پلیٹ فارمز کی شرائط کے مطابق  تبدیل کرسکتے ہیں اور ان کی تھیم بدل سکتے ہیں، رنگ تبدیل کرسکتے ہیں  اس کے ساتھ بیک گراؤنڈ اور مواد میں بھی مطلوبہ اور پسندیدہ تبدیلی لاسکتے ہیں۔

اس ٹول کے ذریعے ایک ویب اسٹوری بناتے ہوئے آپ اس میں تصاویر، مواد، بٹن، وڈیوز اور مزید بہت کچھ شامل کرسکتے ہیں۔ اپنی وڈیو کے لیے آپ اس ٹول کے ذریعے اسٹوری ٹیمپلٹیس بھی منتخب کرسکتے ہیں۔

٭Rocketium

یہ مفید ٹول مواد اور میڈیا کو وڈیوز میں بدل دینے کے کام آتا ہے۔

اس ٹول کا براؤزر ایڈیٹر استعمال کرتے ہوئے آپ مختصر وڈیوز بناسکتے ہیں۔ اسی طرح یہ ٹول استعمال کرتے ہوئے تصاویر کے ساتھ مواد اور کیپشن شامل کیے جاسکتے ہیں۔ استعمال کنندگان اس ٹول کی گیلری سے تصاویر اور وڈیوز منتخب کرکے اپنے استعمال میں لاسکتے ہیں۔

اس ٹول کو استعمال میں لاتے ہوئے اپنی وڈیو کے لیے ایک تھیم منتخب کریں۔  آپ تھیم اس ٹول پر موجود تھیمز سے بھی منتخب کرسکتے ہیں اور خود اپنی تھیم بھی بناسکتے ہیں۔ اس کے بعد فلٹرز کی مدد لیتے ہوئے اور اینی میشنز، فونٹس اور مزید سہولیات  استعمال کرکے آپ وڈیوز بنا سکتے ہیں۔

Rocketium کا ایک حیرت انگیز فیچر یہ ہے کہ اس کے ذریعے آپ اپنے مواد کے لیے مختلف ذریعے منتخب کرسکتے ہیں، جیسے پورٹریٹ، لینڈاسکیپ اور اسکوائر وغیرہ یہ ٹول خودکار طریقے سے آپ کے کیپشنز کو تصویر کے سائز کے مطابق ڈھال دے گا۔

 ٭Pixabay

اس ٹول پر7 لاکھ 80 ہزار تصاویر اور وڈیوز موجود ہیں۔

یہ ٹول آپ تحریر کردہ مواد کی وضاحت اور اس کی خوب صورتی کے لیے تصاویر اور وڈیوز کی تلاش میں آپ کا مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس ٹول پر آپ کے استعمال کے لیے ہزاروں کی تعداد میں وڈیوز اور تصاویر کے ساتھ السٹریشنز اور ویکٹرز بھی موجود ہیں، جنھیں بلاقیمت حاصل کیا جاسکتا ہے۔  Pixabay سے وابستہ استعمال کنندگان ہر روز ایک ہزار اوریجنل ہائی ریزولیشن کی تصاویر اور وڈیوز اپنے مقاصد کے لیے استعمال میں لاتے ہیں۔

اس ٹول سے وابستہ ہوکر مطلوبہ اور آپ کے مقاصد سے ہم آہنگ تصاویر، وڈیوز اور گرافکس حاصل کرنے کے بعد آپ انھیں اپنی پوسٹس کا حصہ بنا کر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر شیئر کر سکتے ہیں۔ اس ٹول پر موجود مواد کے حصول پر کاپی رائٹ کی کوئی قدغن نہیں۔

Pixabay پر مختلف موضوعات کے حوالے سے کیٹیگریز موجود ہیں، جن پر جاکر آپ اپنے مطلب کی تصاویر، وڈیوز اور گرافکس وغیرہ بہ آسانی حاصل کر سکتے ہیں۔

٭gifs

یہ وہ ٹول ہے جسے استعمال کرتے ہوئے یوزرز اپنی مطلوبہ GIFs بنا سکتے ہیں۔

اس ٹول کے ذریعے GIFs بنانے کے ساتھ آپ اپنی وڈیوز کو بھی GIFs میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

gifs ایک ایسا سودمند ٹول ہے جو آپ کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ آپ مختلف سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس، جیسے فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور یوٹیوب وغیرہ سے عام وڈیوز یا لائیو وڈیوز حاصل کرکے انھیں فوری طور پر GIFs میں ڈھال سکیں۔

اس ٹول کا براؤزر ایڈیٹر کسی وڈیو یا GIF کی تلاش کے لیے استعمال کنندگان کو آپشنز فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ GIFs میں کیپشن اور اسٹیکرز شامل کرنے اور اسے مختلف ایفکٹس سے آراستہ کرنے کی سہولت بھی اس ٹول پر میسر ہے۔

٭Yala

کبھی کبھی آپ کوئی پوسٹ فوری شیئر نہیں کرنا چاہتے، بل کہ آپ کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے کسی خاص وقت پر شیئر کیا جائے، لیکن ہوسکتا ہے اس وقت آپ کی مصروفیات آپ کو اس شیئرنگ کی اجازت نہ دیں۔ یہ سودمند ٹول آپ کی یہ مشکل حل کردے گا۔

اس ٹول آپ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر اپنی پوسٹس کی شیڈولنگ کر سکتے ہیں۔ یالا ایک ایسا ٹول ہے جو آپ کی پوسٹس کو دیے گئے شیڈول کے مطابق اور بہترین وقت پر فیس بک یا ٹوئٹر پر سامنے لاتا ہے۔

٭PostReach

پوسٹ سرچ نامی یہ ٹول آپ کی طرف سے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر دیے گئے مواد کی کارکردگی آپ کے سامنے لاتا ہے۔

اس ٹول کے ذریعے استعمال کنندہ سوشل ویب سائٹس پر اپنے دیے گئے مواد کی بہ آسانی پیمائش کر سکتا ہے۔

یوں تو پوسٹ سرچ سوشل میڈیا کے عام استعمال کنندگان کے لیے فائدہ مند ہے، لیکن کمپنیز، مصنوعات کے تیارکنندگان اور سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے، جو اپنی مصنوعات اور سروسز کی تشہیر کے لیے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کا سہارا لیتے ہیں، کے لیے یہ ٹول اپنی پوسٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بہت مفید سہولت ہے۔

یہ ٹول استعمال کنندہ کو اس کی پوسٹ پر آنے والے ٹریفک کے بارے میں بتاتا ہے اور یہ آگاہی دیتا ہے کہ پوسٹ کو کتنا شیئر کیا گیا۔

صرف ایک کلک کے ذریعے آپ پوسٹ سرچ کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں، جس کے بعد یہ ٹول آپ کی طرف سے سوشل میڈیا پر سامنے لائی جانے والی ہر پوسٹ کے بارے میں خودکار طریقے سے رپورٹ تیار کرکے آپ کو پیش کردیا کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔