فنکاروں کی کرکٹ ٹیم کا کینسر اسپتال کیلئے امدادی میچ کھیلنے کا اعلان

قیصر افتخار  بدھ 23 جنوری 2013
نیک مقصد کے لیے خصوصی میچز کھیلنے کا شیڈول ترتیب دیا ہے، فنکاروں کا اظہار خیال۔ فوٹو : فائل

نیک مقصد کے لیے خصوصی میچز کھیلنے کا شیڈول ترتیب دیا ہے، فنکاروں کا اظہار خیال۔ فوٹو : فائل

لاہور:  شوبزفنکاروں کی کرکٹ ٹیم نے کینسرمیں مبتلا مریضوں کے علاج ومعالجہ کے لیے پشاور میں بنائے جانے والے نئے کینسراسپتال کی فنڈریزنگ کے حوالے سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ خصوصی میچز کھیلنے کا شیڈول طے کرلیا۔

شوبز کے معروف فنکاروںپرمشتمل ٹیم کی قیادت عدنان صدیقی کرینگے۔ ٹیم میں معمررانا، کاشف محمود، اعجاز اسلم، ہمایوں سعید، دانش تیمور، کامران جیلانی، سلیم شیخ، طاہرکاظمی اورساجد حسن شامل ہونگے جب کہ نواب عالم ٹیم کے مینجرہونگے۔

اس سلسلہ میں پہلا میچ 4فروری کولاہورمیں جم خانہ کلب کی گراؤنڈ میں شوکت خانم میموریل کینسراسپتال کی ٹیم کے ساتھ کھیلاجائے گا۔ جب اس سلسلہ میں فنکاروں کی ٹیم کے کپتان عدنان صدیقی سے رابطہ کیا گیا توانھوں نے ’’نمایندہ ایکسپریس‘‘ کوبتایاکہ ہم نے ایک نیک مقصد کے لیے خصوصی میچز کھیلنے کا شیڈول ترتیب دیا ہے۔

ہمارے زیادہ ترمیچز ملٹی نیشنل کمپنیوں کی ٹیموں کے ساتھ ہونگے جو ہمیں میچ کھیلنے کے عوض پیسے اداکرینگی اوریہ تمام رقم پشاور میں بننے والے کینسرکے نئے اسپتال پرخرچ کی جائے گی۔ ہم لاہور، پشاور سمیت ملک کے دیگرشہروں میں بھی میچز کھیلیں گے لیکن اس کے بعد ہم فنڈریزنگ کے لیے بیرون ملک بھی جائینگے۔

شوبز سے وابستہ فنکاراکثر میچ کھیلتے رہتے ہیں لیکن اب ہم صرف اورصرف ایک نیک مقصد کوسامنے رکھتے ہوئے میچ کھیلیں گے اورہمیں امید ہے کہ ان میچزکودیکھنے کے لیے لوگوںکی بڑی تعداد گرائونڈ کا رخ کرے گی اوراس نیک کام میں ہماری سپورٹ عطیہ کی صورت میں کرے گی۔

عدنان صدیقی نے بتایاکہ اس فنڈریزنگ مہم کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ۔ یہ ایک نیک کام ہے جس کے لیے فنکاربرادری ہمیشہ ہی آگے رہی ہے۔ پشاورمیں جب یہ اسپتال بن جائے گا تو لوگ یہاں سے مفت علاج کرواسکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔