دنیا میں بیروزگار افراد کی تعداد 19 کروڑ 70 لاکھ ہوگئی

اے ایف پی  بدھ 23 جنوری 2013
2012 میں 40 لاکھ ملازمتوں سے فارغ، رواں سال مزید 51 لاکھ کے بیروزگار ہونے کا خدشہ۔  فوٹو: فائل

2012 میں 40 لاکھ ملازمتوں سے فارغ، رواں سال مزید 51 لاکھ کے بیروزگار ہونے کا خدشہ۔ فوٹو: فائل

جنیوا:  عالمی سطح پر بیروزگار افراد کی تعداد گزشتہ سال 40 لاکھ کے اضافے سے تقریباً 19 کروڑ 70 لاکھ ہوگئی۔

رواں سال یہ تعداد مزید 51 لاکھ بڑھ کر کم و بیش 20 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ یہ بات عالمی تنظیم محنت (آئی ایل او) نے منگل کوجاری ایک رپورٹ میں کہی۔ آئی ایل او سربراہ گائے رائیڈر نے صحافیوں کو بتایا کہ ان اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی مالیاتی بحران کے باعث 5سال میں 2کروڑ80لاکھ افراد بیروزگار ہوئے۔

آئی ایل او کے ایک ماہر کے مطابق 2013 میں بیروزگار افراد کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچنے کااندیشہ ہے، گزشتہ سال تعداد 19 کروڑ70 لاکھ تک پہنچی، 2009 میں بیروزگار افراد کی تعداد ریکارڈ 19 کروڑ90 لاکھ تک پہنچ گئی تھی، رواں سال 51 لاکھ اور 2014 میں 30 لاکھ افراد کے ملازمتوں سے فارغ ہونے اور 2017 تک بیروزگار افراد کی مجموعی تعداد 21 کروڑ6 لاکھ تک پہنچنے کا اندیشہ ہے تاہم بیروزگاری کی شرح 6فیصد رہے گی۔

رپورٹ کے مطابق لیبرمارکیٹ کو متعدد ممالک میں کفایتی پروگراموں نے بھی متاثر کیا، 3 کروڑ90 لاکھ افرادملازمتوں کی تلاش میں مایوسی کے باعث لیبرمارکیٹ سے باہر ہو چکے، اس وقت 15 تا24 سال کے 7 کروڑ 38 لاکھ افراد بیروزگار ہیں، 2014 تک مزید 5 لاکھ نوجوان بیروزگار ہوسکتے ہیں، گزشتہ سال نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح 12.6 فیصد تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔