سپرلیگ، فیکا نے رنگ میں بھنگ ڈالنے کی تیاری کرلی

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2013
کرکٹرز نصیحت پر کان دھرتے ہوئے شریک نہ ہونے کافیصلہ کرینگے، ٹم مے کو امید   فوٹو: فائل

کرکٹرز نصیحت پر کان دھرتے ہوئے شریک نہ ہونے کافیصلہ کرینگے، ٹم مے کو امید فوٹو: فائل

لندن:  فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) نے بھی پاکستان سپر لیگ کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کی تیاری کرلی۔

سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ کرکٹرز نصیحت پر کان دھرتے ہوئے شریک نہ ہونے کا فیصلہ کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹرز ایسوسی ایشن کے بعد اب فیکا بھی پاکستان سپر لیگ کی دشمنی پر اتر آئی، چیف ایگزیکٹیو ٹیم مے کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ماہرین کو صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے بھیجا گیا تھا جنھوں نے پاکستان کو کرکٹ کیلیے خطرناک قرار دیا ہے۔

میری کرکٹرز کیساتھ تو براہ راست بات نہیں ہوئی تاہم ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ انھوں نے خدشات کا اظہار کیا ہے، ٹم مے نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کو شرکت سے انکار پر مجبور تو نہیں کرسکتے لیکن آپ دیکھیں گے کہ انٹرنیشنل کرکٹرز ہماری نصیحت پر عمل کرتے ہوئے نہ جانے کا فیصلہ ہی کرینگے۔

اطلاعات کے مطابق فیکا کی طرف سے تمام ڈومیسٹک پلیئرز کو بھیجی جانے والی ای میل میں کہا گیا کہ سیکیورٹی ماہرین نے پاکستان میں ستمبر 2012 سے اب تک دہشت گردی کے 139 واقعات رپورٹ کیے ہیں اور اس صورتحال میں کسی طور بھی لیگ کھیلنے کیلیے جانا مناسب نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ انگلش پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے بھی پی ایس ایل میں شرکت کو سیکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو شریک نہ ہونے کا مشورہ دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔