بنگلہ دیش نے سائوتھ ایشین باسکٹ بال ایونٹ جیت لیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2013
پاکستان نے بھوٹان کو شکست دے کر دوسری پوزیشن پائی، نیپال تیسرے نمبر پر رہا۔  فوٹو: فائل

پاکستان نے بھوٹان کو شکست دے کر دوسری پوزیشن پائی، نیپال تیسرے نمبر پر رہا۔ فوٹو: فائل

ڈھاکا: بنگلہ دیش نے سائوتھ ایشین باسکٹ بال چیمپئن شپ جیت لی، یہ اس کا پہلا انٹرنیشنل ٹائٹل  ہے۔

پاکستان نے بھوٹان کو 79-63 سے شکست دے کر دوسری پوزیشن پائی، نیپال تیسرے نمبر پر رہا۔ تفصیلات کے مطابق دھان موندی باسکٹ بال جمنازیم ڈھاکا میں میزبان ٹیم نے اپنے آخری لیگ میچ میں مالدیپ کو 69-54 پوائنٹس سے مات دے کر ٹرافی اپنے نام کی، متھن کمار نے شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آخری مقابلے میں بھی 16 پوائنٹس اسکور کیے،ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا صلہ انھیں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کی صورت میں دیاگیا، ٹیم میں شامل دوسرے پلیئر متھن سرکار نے بھی15پوائنٹس بناکرٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

ایونٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم ناقابل شکست رہی،میزبان نے پاکستان سمیت ٹائٹل کی راہ میں آنے والے تمام حریفوں کو زیر کیا، بھوٹان کیخلاف اس کی فتح کا اسکور89-44 رہا، نیپال کیخلاف81-74 سے جیت ملی جبکہ پاکستان کی ٹیم68-77 سے ہاری، ایونٹ کی فاتح ٹیم کا فیصلہ پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن کی بنیاد پر کیاگیا جس میں بنگلہ دیش نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 8 پوائنٹس حاصل کیے، مالدیپ کیخلاف آخری لیگ میچ میں بنگلہ دیش کو فیورٹ کی حیثیت حاصل تھی۔

3

کھیل کے پہلے کوارٹر میںمیزبان ٹیم نے حریف پر 14-11 سے سبقت لی جبکہ دوسرے کوارٹر میں برتری کا یہ اسکور 32-20 ہوگیا، مہمان ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں بھرپور جدوجہد کرتے ہوئے بنگلہ دیشی ٹیم  اور اپنے درمیان فرق کوکم کرتے ہوئے اسکور 52-45 کیا، چوتھے کوارٹر کے اختتام پر بنگلہ دیش نے69-54 سے فتح کواپنے گلے لگالیا۔ ٹائٹل فتح کے بعد بنگلہ دیشی کوچ واصف علی نے کہا کہ ہمارے پلیئرز گذشتہ روز پاکستان کیخلاف سخت میچ کھیلنے کے بعد کچھ تھکاوٹ محسوس کررہے تھے۔

اسی وجہ سے وہ مالدیپ کیخلاف اپنا بہترین کھیل پیش نہیں کرپائے لیکن جیت کو اپنا مقدر ضرور بنالیا، میں نے اپنے پلیئرز کو آگاہ کردیا تھا کہ ہمیں مالدیپ کیخلاف اپنے بہتر قد کے ایڈوانٹج کو استعمال کرنا چاہیے کیونکہ وہ اپنی برق رفتار سے ہمیں شکست دے سکتے تھے، بنگلہ دیش کے لیے یہ پہلی انٹرنیشنل ٹائٹل فتح ہے، 2002 کے آسام میں منعقدہ ایونٹ کے پہلے ایڈیشن میں بنگلہ دیش نے بطور رنر اپ اختتام کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔