مسلم لیگ (فنکشنل) اورسندھ یونائیٹڈ پارٹی کا انتخابی اتحاد کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  بدھ 23 جنوری 2013
بڑا اتحاد بنائیں گے،امتیاز شیخ اورجلال محمود شاہ کی مشترکہ پریس کانفرنس. فوٹو : فائل

بڑا اتحاد بنائیں گے،امتیاز شیخ اورجلال محمود شاہ کی مشترکہ پریس کانفرنس. فوٹو : فائل

کراچی: پاکستان مسلم لیگ( فنکشنل) اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی نے سندھ میں آئندہ انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کیا ہے اوراس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں جماعتیں سندھ میں عام انتخابات کیلیے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گی۔

یہ اعلان منگل کو پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے سیکریٹری جنرل امتیاز احمد شیخ اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ نے حیدر منزل پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے رہنما خدا بخش راجڑ ، پپو شاہ ، ڈاکٹر رفیق بھابھن ،نصرت سحر عباسی ، قاسم سراج سومرو ، ندیم مرزا ، شمع منشی جبکہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے سید شاہ محمد شاہ ،میر امان اللہ شاہ ، زین شاہ ، قمر الزماں اور دیگر موجود تھے۔

جلال محمود شاہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کا وفد امتیاز احمد شیخ کی قیادت میں پیر صاحب پگارا کا پیغام لے کر آیا ہے ،آج ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ فنکنشل اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی آئندہ انتخابات میں مل کر حصہ لی گی اور اس سلسلے میں ہم سندھ میں ایک بڑا اتحاد بنائیں گے، جو سندھ دشمن قوتوں کے خلاف ہوگا۔

 

5

امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا پیرصبغت اللہ شاہ راشدی کی یہ سوچ اوروژن ہے کہ سندھ میں سندھ دوست جماعوں کا ایک اتحاد بنایا جائے اور آئندہ انتخابات میں ان کے ساتھ مل کر حصہ لیا جا ئے،ہم ساتھ مل کر الیکشن لڑنے کے فیصلے پر متفق ہوئے ہیں۔

اس سے پہلے جمعیت علمائے اسلام (ف) بھی ہمارے اس اتحاد میں ہمارے ساتھ ہے ،انھوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کررہے  ہیں ، امتیاز احمد شیخ نے الیکشن کمشنرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مطالبے پر انھوں نے بھرتیوں پر پابندی لگادی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔