کوئی ملک امن کے بغیر خوشحال نہیں ہوسکتا،شاہی سید

اسٹاف رپورٹر  بدھ 23 جنوری 2013
تمام سیاسی جماعتیں بھی جمہوریت کی مضبوطی کیلیے متحد ہیں،رہنما اے این پی۔ فوٹو: فائل

تمام سیاسی جماعتیں بھی جمہوریت کی مضبوطی کیلیے متحد ہیں،رہنما اے این پی۔ فوٹو: فائل

کراچی: عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی ، امن اور خوشحالی کی بنیادی وجہ باچا خان کا عدم تشدد کا فلسفہ ہے کیونکہ کوئی بھی ملک امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کرسکتا۔

خدائی خدمت گار تحریک نے باچا خان کی سربراہی میں آزادی کیلیے بیش بہا قربانیاں دی ہیں،جنہیں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا،اسی طرح قائد جمہوریت خان عبدالولی خان نے جمہوریت اور جمہوری کلچر کے فروغ اور تمام اداروں کی بالادستی کیلیے جو تاریخ ساز کردار ادا کیا پوری قوم کو آج اس پر فخر ہے۔

11

بابائے امن باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان نے ہر آمر کے خلاف آواز بلند کی اور آخری دم تک قید و بند کی صعوبتیں تک برداشت کرتے رہے،انھی کی قربانیوں کے نتیجے میں آج ملک میں جمہوریت مضبوط ہے کہ کوئی اس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا جبکہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں بھی جمہوریت کی مضبوطی کیلیے متحد ہیں اور اس بات کی قائل ہیں کہ اس جمہوریت کیلیے ہمارے اکابرین نے جو قربانیاں دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔