کراچی: ٹارگٹ کلنگ میں تیزی، ڈاکٹر سمیت 19افراد ہلاک

اسٹاف رپورٹر  بدھ 23 جنوری 2013
ماڑی پور،حاجی کمیپ،کھوکھراپاراوربلدیہ سے6لاشیں ملیں،ایک کا سرکٹا ہوا تھا۔ فوٹو: فائل

ماڑی پور،حاجی کمیپ،کھوکھراپاراوربلدیہ سے6لاشیں ملیں،ایک کا سرکٹا ہوا تھا۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں پھر تیزی آگئی،مختلف علاقوں میں فائرنگ،تشدد،اغوااورلاشیں پھینکنے کے واقعات میں ن لیگ کے عہدیدار،ڈاکٹراورپولیس افسر سمیت 19 افرادجاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز6 خیابان جامی پرنامعلوم ملزمان کی ڈبل کیبن جیپ نمبر NM-5867 پرفائرنگ سے مسلم لیگ (ن)سندھ کے جوائنٹ سیکریٹری 34 سالہ میاں تیموراوران کے والد60میاں ارباب جاں بحق ہوگئے،مقتولین میڈیکل اسٹورسے خریداری کرکے واپس جانے کیلیے اپنی گاڑی  میں بیٹھ رہے تھے کہ گھات لگائے ملزمان نے  فائرنگ کردی۔نیوکراچی سلیم سینٹرکے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی جیپ نمبرBC-0340 پر فائرنگ سے ڈاکٹر ابن حسن عالم ہلاک گئے، مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی  وہ نارتھ ناظم آباد کے رہائشی اور 2 بچوں کے باپ تھے۔

مقتول نیوکراچی سندھ گورنمنٹ اسپتال کے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تھے اور نیو کراچی سیکٹر 11 آئی میں واقع اپنے نجی کلینک سے گھرجارہے تھے۔ناگن چورنگی صدیق اکبرمسجدکے قریب پٹرول پمپ پرفائرنگ سے سی آئی ڈی گارڈن کاسب انسپکٹرسید عالمگیرہلاک ہو گیا، مقتول کا4ماہ قبل ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے پاس سے ایسٹ ہیڈکوارٹرتبادلہ ہوا تھا تاہم 3روز قبل اس کاواپس سی آئی ڈی گارڈن میں تبادلہ ہو گیا تھا۔بلدیہ ٹاؤن میں ٹریفک پولیس چوکی کے قریب سے2افرادکی ہاتھ پاؤں بندھی لاشیں ملیں جن میں سے ایک لاش سربریدہ تھی،ابھی پولیس اپنی تفتیش ہی کررہی تھی کہ اطلاع ملی کہ شیر شاہ کے علاقے ڈالڈاموڑکے قریب ایک انسانی سرملاجسے ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال لایاگیا۔

پولیس کاکہناہے کہ ملنے والاسراسی سربریدہ لاش کاہے جوبلدیہ ٹاؤن سے ملی تھی،مقتولین کونامعلوم ملزمان نے اغواکے بعدبہیمانہ تشددکانشانہ بنا کر سر اور سینے پرگولیاں ماریں،بعدازاں مقتولین کی شناخت ان کے اہل خانہ نے ایدھی سردخانے میں پرویزاورنادر کے نام سے کرلی ،مقتولین پی آئی بی کالونی نشتر بستی کے رہائشی ہیں اور چنگ چی رکشاچلاتے تھے،دونوں پیر کی رات سے لاپتہ تھے،ملزمان نے پرویز کاسر تن سے جدا کرنے کے بعدشیرشاہ کے علاقے میں پھینک دیا تھا۔پراناحاجی کیمپ کے قریب سے نامعلوم شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش ملی جس شناخت نہیں ہو سکی۔

1

ماڑی پورکے علاقے مشرف کالونی ابراہیم گوٹھ سے 23سالہ جاویدبچایوکی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغواکے بعدتشدد کانشانہ بنا کر قتل کیااورلاش پھینک کر فرار ہو گئے، مقتول مواچھ گوٹھ کارہائشی اورپیرکی شام سے لاپتہ تھا۔گلبہار کشمیری امام بارگاہ زمیندارہوٹل کے قریب پرچون کی دکان پربیٹھاہوا 22سالہ شہزادفائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کواس کے چچا نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔ کھوکھراپارڈھائی نمبرکے قریب سی ڈی کی دکان پرفائرنگ سے23سالہ محمدندیم ہلاک ہو گیا، مقتول کھوکھرا پار چمن کالونی کا رہائشی تھا۔

کھوکھرا پارہی کے علاقے کینٹ اکیڈمی روڈچاندفارم ہاؤس کے قریب جھاڑیوں سے 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے تشددکانشانہ بناکرسراورسینے پرگولیاں مارکرقتل کیاگیا،لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔پٹھان کالونی ملنگ ہوٹل سائٹ ایریاکے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 60 سالہ شیراحمد ہلاک ہوگیا۔مقتول کاآبائی تعلق سوات سے ہے جوچندروزقبل ہی وہاں سے اپنے بھانجے کے گھر آیا تھا۔ منگھوپیرکے علاقے ناردرن بائی پاس الآصف کانٹاکے قریب ٹرک ڈرائیور 45 سالہ جمیل احمدفائرنگ سے ہلاک ہوگیا،مقتول اسٹیل ٹاؤن کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا۔

کھڈامارکیٹ مدنی روڈپرایزی لوڈ کی دکان پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 50 سالہ حبیب علی ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے،مقتول کھارادرکارہائشی تھا۔ماڑی پورکے علاقے سنہراپوائنٹ مبارک ویلیج کے قریب جھگی سے26سالہ لطیفہ نامی خاتون کی لاش ملی، مقتولہ کے گلے پررسی کے پھندے کانشان ہے اس کاشوہرماہی گیرہے اوروہ شکار پرگیاہواہے۔گلشن اقبال بلاک 13/Bالمصطفیٰ اسپتال کے قریب سنہری بینک کے اوپرواقع فلیٹ میں پر اسرار طور پر فائرنگ سے50سالہ رضی احمدہلاک ہوگیا،مقتول نارتھ کراچی سیکٹر9مکان نمبر330کارہائشی اور2بیٹوںکاباپ تھا۔

مقتول کابھائی نوشاد احمدخان سندھ اولمپک کمیٹی کاایگزیکٹو ممبر ہے،پولیس نے پراسرارہلاکت پرمقتول کے ملازم احسان کوتفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔ مہاجر کیمپ روبی موڑکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ غلام حضرت ہلاک ہوگیا،مقتول بلدیہ ٹاؤن مہاجر کیمپ بسمہ اﷲ چوک کے قریب ڈیرے پررہائش پزیر اور مونگ پھلی فروش تھا۔ منظورکالونی سیکٹرای میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے22سالہ رومیل ،22سالہ ٹریٹرمسیح ، 45سالہ قمر احمد،40 سالہ مدد علی اورشیر بادشاہ زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال پہنچایا گیا جہاں رومیل دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

گلشن اقبال بلاک13/A ریلوے گراؤنڈمنگل بازار کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے آلٹو کار نمبر AMQ-859 میں سوار32 سالہ محمد عارف خان راجڑ ہلاک ہو گیا،مقتول فیڈرل بی ایریابلاک 13 مکان نمبر 201 کا رہائشی تھا،26 جون2011 کوگزری تھانے کی حدودخیابان راحت پرایک بنگلے میں ڈانس پارٹی کے دوران فائرنگ سے طالع بگٹی سمیت6 افرادہلاک ہو گئے تھے مقتول محمدعارف اس مقدمے کا نامزد ملزم تھا،وقت مقتول اپنی کار میں جا رہا تھا کہ 2موٹر سائیکل پر سوار 4ملزمان آئے اورکارکوروک کرمحمدعارف کونیچے اتار کرسینے اور ہاتھ پر3گولیاں مار دیں۔گزری تھانے کی حدود ڈیفنس فیز8میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے گزری تھانے کا اہلکار46سالہ عبد الحکیم زخمی ہو گیا۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4/Fملک چوک پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے27سالہ آصف جدون اور19سالہ فراززخمی ہو گئے ،دونوں اے ین پی کے کارکن ہیں۔کورنگی بلال کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جواد اوراسامہ زخمی ہو گئے۔ رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) سندھ کے جوائنٹ سیکریٹری میاں تیمور اوران کے والد کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پرکارکنوں کی بڑی تعدادکالا پل نیشنل اسپتال پہنچ گئی،اس دوران نامعلوم افرادنے شدیدفائرنگ کی اورپتھراؤ کر کے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑدیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔