بھارتی پولیس نے خطے میں خوف کی فضا پیدا کردی، الطاف حسین

ایکسپریس ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2013
کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی مذمت،ڈاکٹر ابن حسن عالم کے قاتل گرفتار کیے جائیں،قائد متحدہ۔ فوٹو: فائل

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی مذمت،ڈاکٹر ابن حسن عالم کے قاتل گرفتار کیے جائیں،قائد متحدہ۔ فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ابن حسن عالم کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ بعض عناصرکراچی میں ایم کیو ایم کے منتخب نمائندوں، کارکنوں، سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور علمائے کرام کو نشانہ بنا کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انھوں نے مقتول کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے الطاف حسین نے صدر، وزیر اعظم، گورنر سندھ وزیر اعلیٰ اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر حسن عالم کے قتل کا نوٹس لیا جائے۔

دریں اثنا الطاف حسین نے بھارتی پولیس کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ایٹم بم کے متوقع حملے اور اس کے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر مبنی اشتہارات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پولیس کے اس عمل نے پورے خطے میں خوف ودہشت کی فضا پیدا کردی ہے ۔

4

 

الطاف حسین نے بھارت کے حکمرانوں، ہوشمنداور امن پسند سیاستدانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہرملک کی یہ بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ اپنی قوم کو ہرقسم کے ہتھیاروں کے بارے میں آگاہی فراہم کرے لیکن کسی ایک مخصوص خطے کیلیے جو پہلے ہی انتہائی شورش زدہ ہو،جہاں ہزاروں جانوں کا پہلے ہی اتلاف ہوچکا ہواس مخصوص علاقے کے بارے میں بھارتی پولیس کی جانب سے ایٹم بم کے متوقع حملے سے بچاؤ کی تدابیر کی اشتہاری مہم چلانا انتہائی ناقابل فہم ہے ۔الطاف حسین نے بھارت کی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی پولیس کی جانب سے پھیلائی جانے والی اطلاعات اور اشتہارات کا سختی سے نوٹس لے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔