پارٹی قیادت سے اختلافات: شیخ وقاص کا ق لیگ چھوڑنے کا فیصلہ

عارف رانا  بدھ 23 جنوری 2013
میرے حلقے کیلیے فنڈز جاری نہیں کیے گئے، وفاقی وزیر، پیپلزپارٹی کا ٹکٹ لے سکتے ہیں، ذرائع. فوٹو فائل

میرے حلقے کیلیے فنڈز جاری نہیں کیے گئے، وفاقی وزیر، پیپلزپارٹی کا ٹکٹ لے سکتے ہیں، ذرائع. فوٹو فائل

اسلام آباد: عام انتخابات کے قریب آتے ہی امیدواروں کی طرف سے پارٹیوں کی تبدیلیوں کا عمل تیز تر ہوتا جا رہا ہے اور اس صورتحال میں وفاقی وزیر برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن و ٹریننگ شیخ وقاص اکرم نے بھی مسلم لیگ (ق) کی کشتی سے چھلانگ لگا دی ہے۔

ایکسپریس انویسٹی گیش سیل کو ذرائع نے بتایا ہے کہ شیخ وقاص اکرم نے آئندہ ہفتے وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے دورہ جھنگ کے پیش نظر ابھی تک اپنے فیصلہ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا تاہم شیخ وقاص اکرم نے اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ق لیگ نے میرے حلقے این اے 89 جھنگ کیلیے فنڈز کے اجراء سے انکار کردیا ہے اور فنڈز کے لیے میں نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں مسلم لیگ(ق) نہیں چھوڑ رہا مگر یہ بھی سچ ہے کہ ق لیگ مسلسل میرے حلقے کو نظر انداز کر رہی ہے۔

5

اس حوالے سے مسلم لیگ(ق) کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر ان سے رابطہ نہ ہوسکا موبائل فون پر ایس ایم ایس بھی بھیجا گیا مگر کوئی جواب موصول نہ ہوا۔ شیخ وقاص اکرم نے ترقیاتی فنڈز کیلیے وزیراعظم سے رابطہ کیا جس پر وزیراعظم نے شیخ وقاص اکرم کو خوش آمدید کہا اور ان کے شکوے دور کرنے کی یقین دہانی کروائی اور پہلے مرحلے میں ہی وزیراعظم نے این اے 89 کیلیے 20 کروڑ کے فنڈز جاری کردیے اور اپنے دورے میں فنڈز کے اجراء کا اعلان کرسکتے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے بعض رہنمائوں نے غیررسمی گفتگو میں اس نمائندے کو بتایا ہے کہ شیخ وقاص اکرم آئندہ الیکشن پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر لڑ سکتے ہیں مگر شیخ وقاص اکرم کے دوستوں نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔