بھارتی وزیرخارجہ اور سیکریٹری داخلہ نے بھی ہندو جماعتوں کو دہشت گرد قرار دیدیا

آن لائن  بدھ 23 جنوری 2013
سمجھوتہ ایکسپریس ، مکہ مسجد اور اجمیر شریف کی درگاہ پر دھماکوں میں آر ایس ایس ملوث ہے،آر کے سنگھ کی میڈیا سے گفتگو فوٹو: اے ایف پی/فائل

سمجھوتہ ایکسپریس ، مکہ مسجد اور اجمیر شریف کی درگاہ پر دھماکوں میں آر ایس ایس ملوث ہے،آر کے سنگھ کی میڈیا سے گفتگو فوٹو: اے ایف پی/فائل

نئی دہلی: بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے بھی اپنے وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کے اس بیان کی مکمل حمایت کردی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) دہشت گردوں کے تربیتی کیمپ چلا رہے ہیں اور کہا ہے کہ حقیقت میں یہ بات بالکل درست ہے ہم بھارت کے خلاف دہشت گردی کی جنگ لڑ رہے ہیں، میڈیا اور عوام کو ہماری مدد کرنی چاہیے۔

سلمان خورشید نے منگل کو یہاں صحافیوں کو بتایا کہ شندے کا بیان بالکل درست اور حقیقت پر مبنی ہے۔ انتہا پسندوں کی طرف سے تشدد جس قسم کا بھی ہو اس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔یہ بھارت کیلیے بھی اچھا کیونکہ نہیں دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور ہمیں ادھر ادھر کی باتیں نہیں کرنی چاہییں۔سلمان خورشید نے میڈیا سمیت تمام حلقوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف تعاون کریں۔ دریں اثنا پاکستان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ جب تک ماحول میں واضح تبدیلی نظر نہ آئے، کچھ کہا جاسکتا ہے نہ ہی کیا جاسکتا ہے، اگلا فیصلہ کرنے سے قبل قوم کے جذبات کا خیال رکھیں گے۔

16

واضح رہے کہ بھارتی وزیر داخلہ نے کہا تھاکہ بی جے پی اورآر ایس ایس ہندو انتہا پسندوں کو بھرتی اور تربیت دیتے ہیں ان کے اس بیان پر بی جے پی نے انھیں برطرف کرنے کامطالبہ کیا ہے۔بھارتی سیکریٹری داخلہ آر کے سنگھ نے بھی سمجھوتہ ایکسپریس ، مکہ مسجد اور اجمیر شریف کی درگاہ پر دھماکوں میں آر ایس ایس کے ملوث ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کم از کم دس نام ایسے ملے ہیں جن کا آر ایس ایس سے قریبی تعلق تھا ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس ان کیخلاف شواہد موجود ہیں اور گواہوں کے بیانات بھی ہیں ۔

انھوں نے دہشتگردی کے حملوں میں مبینہ طور پر ملوث افراد کے ناموں کے بارے میں بھی بتایا جس کا آر ایس ایس سے تعلق تھا، ان میں آنجہانی سنیل جوشی بھی شامل تھا جو سمجھوتہ ایکسپریس اور اجمیر شریف میں دھماکوں میں ملوث تھا۔ آرایس ایس کا سندیپ ڈانگی مفرور ہے، لوکیش شرما اورسوامی آنند بھی گرفتار ہیں ، دیگر ملزمان میں راجندر الیاس سمندر، مکیش واسانی، دیویندر گپتا، چندر شیکھر اورکمال چوہان شامل ہیں جبکہ رام جی سنگھ مفرور ہے ۔ ان تمام افراد کے آر ایس ایس سے قریبی تعلقات کے شواہد موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔