ملک میں عدم استحکام کی کوشش عالمی سازش ہے،وزیرداخلہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 23 جنوری 2013
کراچی:وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

کراچی:وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

کراچی: وفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک نے کہاہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق پاکستان میں عدم استحکام کی کوشش عالمی سازش کاحصہ ہے۔

حالیہ بم دھماکے ،پشاور،کوئٹہ اورکراچی میں دہشت گردی کے واقعات ، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ،کوئٹہ میں ایک سو سے زائد افراد کا قتل،لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور کشیدگی اورمنصوبہ بندی کے تحت لانگ مارچ ایک ہی سلسلے کی کڑی ہیں تاکہ ملک میں انتشار پھیلے اورجمہوریت اورجمہوری اداروںکونقصان پہنچے۔ یہ بات انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے کہاکہ کراچی اور کوئٹہ دہشتگردی اوربدامنی کی لپیٹ میں رہے جبکہ ملک کے باقی حصوں میں مجموعی طورپرصورتحال بہترہے۔رحمٰن ملک نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ  کومبارکباد پیش  کی کہ چہلم شہدائے کربلاسے ایک روزقبل بھی سی آئی ڈی  پولیس نے اہم دھماکاخیزموادپکڑاتھاجبکہ کل بھی سی آئی ڈی پولیس نے کراچی میں چھاپہ مارکربڑی تعدادمیں اسلحہ،دستی بم اوردیگردھماکاخیزموادپکڑاہے۔

17

انھوں نے کہاکہ پہلے ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پرانگلیاں اٹھاتی تھیں لیکن اب تمام سیاسی جماعتیں متحدہیں اورایم کیوایم،اے این پی  بھی دہشت گردی کیخلاف ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے اس موقع پرکہاکہ حکومت سندھ صوبہ بھر میں باالخصوص کراچی میں امن امان کویقینی بنانے کے لیے بھرپور انداز میں کوشان ہے،کراچی میں ہونے والا ہرقتل ٹارگٹ کلنگ نہیں کیونکہ کئی جھگڑے اورقتل کی وارداتیں فسادات،گروہی تصادم،لینڈ مافیا،ڈرگ مافیاکے مابین جھگڑوں کے نتیجے میں بھی ہوتی  ہیں لیکن ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں100فیصدکنٹرول اورخاتمہ نہیں ہوالیکن نمایاں طورپرکمی ضرورہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔