کامران فیصل کی موت پر سپریم کورٹ نے دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2013
  کامران فیصل کے ورثا اوران کے ساتھیوں نے حکومت کی جانب سے بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن پرعدم اعتماد کا اظہار کیا ہے،سپریم کورٹ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کامران فیصل کے ورثا اوران کے ساتھیوں نے حکومت کی جانب سے بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن پرعدم اعتماد کا اظہار کیا ہے،سپریم کورٹ فوٹو: ایکسپریس/فائل

اسلام آ باد: سپریم کورٹ  نے کامران فیصل کی موت کے حوالے سے دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا، بنچ کے سربراہ جسٹس جواد ایس خواجہ ہوں گے۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں رہنٹل پاورکیس کی سماعت ہوئی اس موقع پرعدالت نے کامران فیصل کی موت کے حوالے سے جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربرا ہی میں 2رکنی بینچ تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ کامران فیصل کی موت کے اسباب جاننے کے لئے عدالت الگ سے سماعت کرے گی جب کہ  نیب اس حوالے سے اپنی تحقیقات جاری رکھے۔

سپریم کورٹ  نے کامران فیصل کی موت کے اسباب جاننے کے لئے دورکنی بینچ تشکیل دیتے ہوئے اپنے مختصرحکم میں کہا کہ کامران فیصل کے ورثا اوران کے ساتھیوں نے حکومت کی جانب سے بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن پرعدم اعتماد کا اظہار کیا ہے،محنتی اور جاں فشانی سے کام کرنے والوں کی حفاظت کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ، عدالت کے نوٹس میں تمام حقائق لائے گئے ، انصاف کی فراہمی یقینی بنانا عدالت کی ذمہ داری ہے۔اس موقع پرجسٹس عظمت سعید نے  کہا کہ کامران فیصل کے جنازے کے ساتھ نیب کا جنازہ بھی اٹھ گیا ہے

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔