ذوالفقارکھوسہ کے صاحبزادے سیف الدین کھوسہ کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2013
پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے میں مخلصانہ کوششیں کررہی ہے،سیف الدین کھوسہ، فوٹو: ایکسپریس نیوز

پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے میں مخلصانہ کوششیں کررہی ہے،سیف الدین کھوسہ، فوٹو: ایکسپریس نیوز

اسلام آ باد: سردار ذوالفقار کھوسہ کے صاحبزادے سیف الدین کھوسہ نے مسلم لیگ(ن) چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں، فریال تالپور، جہانگیر بدر اور قمر زمان کائرہ کے ہمراہ پریس کانفر نس کے دوران سیف الدین کھوسہ نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے میں مجھے مسلم لیگ(ن)کی لیڈرشپ مخلص نظر نہیں آئی جس کی وجہ سے آج مجھے یہ قدم  اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے حوالے سے پیپلزپارٹی جو اقدامات اٹھارہی ہے وہ قابل ستائش ہیں۔

سیف الدین کھوسہ نے کہا کہ ہمار ایک ہی مطالبہ ہے کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا جائے اوراس حوالے سے پیپلزپارٹی مخلصانہ کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی اس علاقے کےلئے وہی کررہی ہے جو یہاں کے عوام چاہتے ہیں۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے سیف الدین کھوسہ کو پیپلزپارٹی میں شامل ہونے پرخوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے اصولوں کے ساتھ کھڑی ہے اور سیف الدین کھوسہ کی شمولیت سے پارٹی جنوبی پنجاب میں مزید مضبوط ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔