بھارت کو پاکستان کیساتھ تعلقات کی بحالی میں جلدی نہیں کرنی چاہیئے، بھارتی وزیر دفاع

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2013
بھارت کے وزیر دفاع  نے کہا کہ بھارت کو اطمینان سے کام لیتے ہوئے پہلے اصل صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کرنا ہو گا۔ فوٹو: فائل

بھارت کے وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کو اطمینان سے کام لیتے ہوئے پہلے اصل صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کرنا ہو گا۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت کے وزیر دفاع اے کے اینتھونی نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ تعلقات بحال کرنے میں جلدی سے کام نہ لیتے ہوئے اطمینان کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اے کے اینتھونی نے کہا ہے کہ موسم کی سختی کے باوجود پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی اگر سردیوں میں ایسا کیا گیا ہے تو گرمیوں میں کیا حالت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے کی پابندی کے حوالے سے یقین دہانی کے باوجود ہمیں محتاط رہ کر دیکھنا ہو گا کہ واقعی پاکستان اس پرعملدرآمد کرتا ہے یا نہیں۔

بھارت کے وزیر دفاع  نے کہا کہ بھارت کو اطمینان سے کام لیتے ہوئے پہلے اصل صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کرنا ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے لائن آف کنٹرول پرپاکستان اوربھارت کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اوراس دوران بھارت نے متعدد بارفائربندی کی خلاف ورزی کی جس کے دوران پاکستان کے 3فوجی شہید اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ پاکستان نے بھارت سے جب ان واقعات پر احتجاج کیا تو الٹا بھارت نے واویلا مچانا شروع کردیا کہ پاکستانی فوج کی فائرنگ سے اس کے 2 فوجی ہلاک ہوئے۔

پاکستان نے بھارت کے الزام کو مستردکرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پرفائربندی کی خلاف ورزی کی تحقیقات اقوام متحدہ یا کسی تیسرے فریق سے کرانے کی بھی پیش کش کی جسے بھارت نے مستردکردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔