پانچ فلمیں ریلیز کیلئے تیار شائقین کے دل جیتنے کے لیے کوشاں رہوں گی، پریانکا چوپڑا

شوبز ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2013
فلم ’’برفی‘‘ کی طرح نئے کردار تلاش کروں گی، پریانکا  چوپڑا۔  فوٹو: فائل

فلم ’’برفی‘‘ کی طرح نئے کردار تلاش کروں گی، پریانکا چوپڑا۔ فوٹو: فائل

ممبئی:  بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی رواں سال کئی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں اور متعدد میں جلوہ گرہونے کے لیے سین عکسبند کروائے جارہے ہیں ،اداکارہ کی رواں سال آنیوالی اہم فلموں میں ’’زنجیر ‘‘کرش تھری‘‘، ’’غنڈے‘‘،’’میری کوم ‘‘اور ’’ملن ٹاکیز ‘‘شامل ہیں۔

18جولائی 1982کو پیدا ہوئیں ۔اداکارہ کے والدین بھارتی آرمی کے ڈاکٹرز ہیں 2000میں مس ورلڈ کا تاج پہنا۔ 2002میں تامل فلم سے فنی سفر کا آعاز کیا ۔پہلی ہندی فلم ’’ہیرو‘‘ تھی مگر فلم ’’انداز ‘‘نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔ نیشنل فلم فیئر ایوارڈ سمیت کئی اہم اعزازات جیتے ۔بھارتی اخبار ’’ہندوستان ٹائمز ‘‘میں کالم بھی لکھے۔ گلوکارہ کی حیثیت سے بھی خود کو منوایا ،ان کی نئی البم ریلیز ہوئی تو دھوم مچ گئی۔ 2012میں پریانکا کے گیت ’’ان مائی سٹی ‘‘کو بیسٹ سانگ قرار دیا گیا اسے تین کیٹگری کے لیے ورلڈ میوزک ایوارڈز ملے۔

30سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ گلوکاری اور اداکاری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پرستاروں کے دل جیتنے کے لیے کوشاں رہوں گی۔نئی فلموں میںمنفرد پرفارمنس سے شائقین کی توجہ کا مرکزی بنوں گی ۔ پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ آسکر ایوارڈ کے لیے میری فلم کا انتخاب اہم تھا انھوں نے کہا کہ آسکر ایوارڈ کی دوڑ سے فلم ’’برفی‘‘ کے باہر ہوجانے کا رنج نہیں ۔مزید محنت کروں گی اور کامیابی تک کوشاں رہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ بھارت سے انٹری کے لیے اس فلم کی شمولیت ہی میرے لیے بڑا اعزاز ہے ۔تاہم اکیڈمی ایوارڈز کے لیے شارٹ لسٹ ہونے پر افسوس ہے۔ میرے سمیت ساری ٹیم کو اس کا افسوس ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس فلم کی ہمارے لیے بڑی اہمیت ہے۔

اس فلم میں ہر رکن نے روٹین سے ہٹ کر کام کیا پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ اچھی فلمیں بنانے کا سلسلہ جاری رکھوں گی،فلم ’’برفی‘‘ کی طرح نئے کردار تلاش کروں گی۔ آسکر ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے بھی نئے سال پر عزم کررکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آسکر ایوارڈ سے فلم کے باہر ہونے کے غم سے زیادہ خوشی بھارت کی جانب سے فلم کی نامزدگی تھی مجھے ایک بڑا اعزاز ملا ہے ۔ بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ وہ ماضی کی معروف اداکارہ زینت امان سے بہت متاثر ہیں ان کی پرفارمنس بہت اچھی لگتی ہے۔ ان کی بڑی مداح ہوں۔اب بھی وہ بہت عمدہ کام کرتی ہیں۔ جب کہ زینت امان نے کہا کہ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنی الگ شناخت بنائی ہے ۔

یہ وقت پریانکا کا ہے ان کی اداکاری نے بہت متاثر کیا ہے، پریانکا کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوتی ہے بالی وڈ کنگ کی اداکاری سے متاثر ہوں، شائقین ہماری جوڑی کو پسند کرتے ہیں ،ادھر بالی وڈ کنگ بھی پریانکا چوپڑا کے ساتھ کام کرنے کے متمنی ہیں ۔ انھیں اپنے خلاف پھیلنے والی افواہوں کا بھی خوف نہیں ۔بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان پریانکا کے ساتھ ایک بارپھر کام کرنے کے لیے ہوگئے ۔گوری خان اور کرن جوہر سے پریانکا کا جھگڑا سب ہی کو ہوگا، لیکن کنگ خان بھول گئے ہیں گوری سے ایک سال تک رہنے والی ناچاقی کو بھی اس لیے ایک بار پھر پریانکا کے ساتھ نئی فلم کے لیے سرگرم دکھائی دیتے ہیں دریں اثنا اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ کرینہ نے اپنی شادی پر مجھے مدعو نہیں کیا ۔

بالی وڈ ذرایع کے مطابق اداکارہ کو صحافیوں نے کرینہ کی شادی کی تقریب میں شامل نہ ہونے پر سوال کیا تو اداکارہ نے کہا کہ مجھے کسی نے مدعو ہی نہیں کیا ۔اس پر فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ کرینہ کپور اور پریانکا چوپڑا کے درمیان حقیقی معنوں میں صلح نہیں ہوسکی ۔فلم ’’ہیروئن ‘‘کے سیٹ پر پریانکا چوپڑا اور کرینہ کا گلے ملنا محض دکھاوا تھا اصل میں دونوں نے ہی دل میں ایک دوسری سے بغض رکھا ۔جس کا اظہار ان کے اقدامات اور ایک دوسری کے بارے میں محتاط مگر تلخ ریمارکس سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے ۔ارجن رام پال نے کہا ہے کہ پریانکا ہی میری فیورٹ اداکارہ ہیں ،ان کی فلم ’’برفی ‘‘میں پرفارمنس کو کوئی فراموش نہیں کرسکتا، میں بھی ان کی اداکاری کا مداح بن گیا ہوں ۔ ادھر پریانکا چوپڑا فلم کے ایک گانے میں سو مردوں کے ساتھ رقص کریں گی۔

گانے کی عکسبندی 27 جنوری سے تین دن تک کی جائے گی۔جب کہ پریانکا چوپڑا اور اداکارہ دیپکا پڈوکون سہیلیاں بن گئیں۔ دونوں کو حالیہ فلمی تقریب میں خوشگوار موڈ میں اچھی گپ شپ لگاتے ہوئے دیکھا گیا جیسے برسوں کی سہیلیاں ہوں۔ اداکارہ دپیکا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ پریانکا اچھی انسان ہیں اور ان کے اور پریانکا کے درمیان کبھی اختلافات نہیں رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ سے ایک دوسرے سے اچھے طریقے سے ہی ملتی ہیں۔ پریانکا ان کی بہت اچھی دوست ہیں اور وہ ان کا بہت احترام کرتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔