نوجوان لڑکی کے اغوا کے خلاف بھیل برادری کا مظاہرہ

نامہ نگار  جمعرات 24 جنوری 2013
مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے مغوی لڑکی کی بازیابی کی اپیل کی۔ فوٹو: فائل

مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے مغوی لڑکی کی بازیابی کی اپیل کی۔ فوٹو: فائل

ٹنڈوالٰہیار: کھپرو سے اغوا ہونیوالی نوجوان لڑکی شریمتی ڈینی بھیل کی عدم بازیابی کیخلاف بھیل برادری کے درجنوں افراد کا ٹنڈوالٰہیار پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ۔

تفصیلات کے مطابق بھیل باشعور فورم کے ضلعی رہنما کامریڈ کانجی بھیل، پریتم بھیل، شنکر بھیل و دیگر کی قیادت میں 2 روز قبل کھپرو سے اغوا کی گئی شریمتی ڈینی بھیل کی بازیابی کے لیے درجنوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر کامریڈ کانجی بھیل نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آئے دن اقلیتی برادری کے افراد کو اغوا کیا جاتا ہے اور انھیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، مگر انتظامیہ ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی، 2 روز قبل بھی کھپرو سے نامعلوم افراد بھیل برادری کی نوجوان لڑکی شریمتی ڈینی کو اغوا کرکے لے گئے جس کی بروقت اطلاع  کے باوجود پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم اس دھرتی ماں کے لیے جان نچھاور کرنے کیلیے تیار ہیں لیکن اقلیتی برادری پر ظلم و بربریت  کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے مغوی لڑکی کی بازیابی کی اپیل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔