ٹریڈ آرگنائزیشن بل،80 لاکھ نئے ٹیکس گزار مل سکیں گے

بزنس رپورٹر  جمعرات 24 جنوری 2013
ہرضلع میں چھوٹے تاجروں کاایک چیمبر، این ٹی این ہولڈر ممبر بن سکے گا، سینیٹر عبدالحسیب  فوٹو: فائل

ہرضلع میں چھوٹے تاجروں کاایک چیمبر، این ٹی این ہولڈر ممبر بن سکے گا، سینیٹر عبدالحسیب فوٹو: فائل

کراچی:  سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی جانب سے ٹریڈ آرگنائزیشن بل 2012 کی متفقہ منظوری کے حوالے سے سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا ہے کہ بل کی منظوری دونوں کمیٹیوں کیلیے بڑی کامیابی ہے۔

جبکہ ملک بھر کے چھوٹے تاجروں کو بھی اب ان کا حق مل گیا ہے کیونکہ پاکستان بھر میں دکانداروں اور شٹرپاور کی تعداد 80 لاکھ ہے اور انکا کوئی بھی چیمبر نہیں ہے جہاں سے ان کی آواز ایوانوں تک پہنچ سکے جبکہ ملک میں تمام ہی چیمبر آف کامرس انہیں نظرانداز کرتے رہے ہیں۔ سینیٹر حسیب خان نے بتایا کہ ملک بھر کے ہرضلع میں چھوٹے تاجروں کا ایک چیمبر قائم ہوگا جس کا ممبر ہر وہ تاجر بن سکے گا۔

جس کے پاس این ٹی این ہوگااور اس کا فائدہ ملک کو بھی ہوگا کیونکہ 80 لاکھ چھوٹے تاجر اگر ان چیمبرز کے ممبر بنیں گے تو پاکستان میں80 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھ جائے گی۔

سینیٹر عبدالحسیب خان نے ٹریڈ آرگنائزیشن بل 2012 کی منظوری پر سینیٹ و قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے اراکین اور چھوٹے تاجروں کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ اب چھوٹے تاجروں کو بھی شناخت مل گئی ہے، بل کی منظوری کے بعد قواعد ضوابط پوری کرنے پر ہر ضلع میں چیمبرز کے قیام کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔