فتح کے باوجود پاکستان ترقی کے زینے نہ طے کر سکا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 16 مئ 2017
اظہر علی ایک درجہ بہتری سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، یاسر شاہ 13 ویں پوزیشن پر برقرار، عباس کی17 درجے بہتری۔ فوٹو: اے ایف پی

اظہر علی ایک درجہ بہتری سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، یاسر شاہ 13 ویں پوزیشن پر برقرار، عباس کی17 درجے بہتری۔ فوٹو: اے ایف پی

دبئی: ویسٹ انڈیز سے سیریز میں فتح کے باوجود پاکستان ترقی کے زینے نہ طے کر سکا تاہم ٹیسٹ رینکنگ میں ٹیم کی پانچویں پوزیشن ہی برقرار رہی۔

سیریز میں 2-1 سے کامیابی کے باوجود رینکنگ میں پاکستانی ٹیم پانچویں پوزیشن پر ہی رہی،ٹاپ پر 122 پوائنٹس کے ساتھ بھارت موجود ہے،اس سے کہیں نیچے 109 پوائنٹس کیساتھ جنوبی افریقہ کا نمبر ہے، آسٹریلیا 108 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ پاکستان کے پوائنٹس 97 ہیں۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے یونس خان کا ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں اختتام16 ویں نمبر پر ہوا، انھیں آخری میچ میں بھی ناکام رہنے کی وجہ سے 2 درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا، مصباح الحق نے بھی ایک درجہ نیچے 21 ویں نمبر کے ساتھ کھیل کو الوداع کہا۔

اظہر علی کو تیسرے ٹیسٹ میں 127 رنزکی اننگز نے ایک درجہ ترقی سے ساتویں نمبر پر پہنچایا، وہ گزشتہ برس دسمبر میں کیریئر بیسٹ چھٹی پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں۔ بابر اعظم کو 8 درجہ ترقی نے 98 ویں نمبر پر پہنچایا۔

ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیس کو روسیو میں 69 اور ناقابل شکست 101 رنز بنانے کی وجہ سے ایک ساتھ 21 درجے ترقی حاصل ہوئی جس نے انھیں کیریئر بیسٹ 28 ویں نمبر پر پہنچا دیا، میزبان کپتان جیسن ہولڈر بھی 7 درجے ترقی پاکر 54 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

روسیو ٹیسٹ میں 8 وکٹیں لینے کے باوجود لیگ اسپنر یاسر شاہ کی بولرز رینکنگ کی13 پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑا، وہاب 22 ویں نمبر پر موجود ہیں، ایک درجہ ترقی نے عامر کو 41 ویں نمبر پر پہنچا دیا، محمد عباس کی جانب سے ترقی کا سلسلہ جاری ہے، تازہ اپ ڈیٹ میں 17 درجے کی جست نے انھیں کیریئر بیسٹ 44 ویں نمبر پر رسائی دلائی۔

علاوہ ازیں ویسٹ انڈین لیگ اسپنر دیوندرا بشو کو تین درجے ترقی نے کیریئر کی بہترین 26 ویں پوزیشن پر پہنچایا، ہولڈر 2 درجے بہتری سے 38 ویں نمبر پرآ چکے ہیں۔ٹاپ پوزیشن پر بھارت کے جڈیجا اور دوسرے نمبر پر ساتھی ایشون موجود ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔