دنیا کا معمر ترین 101 سالہ اسکائی ڈائیور

ویب ڈیسک  جمعـء 19 مئ 2017
معمر ترین سابق برطانوی فوجی نے 15 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی جس پراس کا نام ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا، فوٹو؛ بشکریہ گنیز بک

معمر ترین سابق برطانوی فوجی نے 15 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی جس پراس کا نام ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا، فوٹو؛ بشکریہ گنیز بک

لندن: برطانوی فوجی اور 101 سالہ ورڈن ہیز نے 15 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوائی جہاز سے چھلانگ لگا کر کچھ دیر تک ہوا میں تیرنے کا مظاہرہ کیا اور پھر پیراشوٹ کی مدد سے زمین پر اُتر آئے جس سے انہوں نے دنیا کے معمر ترین اسکائی ڈائیور کا ریکارڈ قائم کردیا۔

101 سالہ ورڈن ہیز نے جب برطانیہ میں یہ حیرت انگیز مظاہرہ کیا تو ان کی عمر 101 سال اور 37 دن تھی جس کی تصدیق کرتے ہوئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ان کا نام درج کرلیا گیا ہے۔

ورڈن ہیز دوسری جنگِ عظیم میں برطانوی فوج کی جانب سے مختلف محاذوں پر لڑچکے ہیں اور اس عمر میں ان کے اسکائی ڈائیو کرنے کا مقصد سابق برطانوی فوجیوں کی تنظیم ’’رائل برٹش لیجن‘‘ کےلیے رقم جمع کرنا تھا۔ ہیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ 90 سال کی عمر سے اسکائی ڈائیونگ کرنا چاہتے تھے لیکن ان کی بیوی نے انہیں ایسا کرنے سے باز رکھا لیکن چند سال پہلے بیوی کے اس دنیا سے گزر جانے کے بعد اب انہوں نے اپنی اس خواہش کو آزادی سے عملی جامہ پہنادیا۔

گزشتہ سال انہوں نے اپنی 100 ویں سالگرہ منانے کےلیے اسکائی ڈائیونگ کی تھی لیکن اب کی بار ان کا ارادہ معمر ترین اسکائی ڈائیور کا ریکارڈ توڑنے کا تھا۔

قبل ازیں یہ اعزاز کینیڈا کے آرمنڈ جینڈریو کے پاس تھا جنہوں نے 2013 میں 10 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا اور تب وہ 101 سال اور 3 دن کے تھے۔ ورڈن ہیز نے یہ کام بخوبی انجام دے کر نہ صرف ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے بلکہ ایسے جوانوں کو بھی شرمندہ کردیا ہے جو مثبت مہم جوئی سے خوفزدہ رہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔