ٹرمپ اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

ویب ڈیسک  جمعـء 19 مئ 2017
اپنی صدارتی انتخابی مہم میں سعودی عرب کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے والے ڈونلڈ ٹرمپ سب سے پہلے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ (فوٹو: فائل)

اپنی صدارتی انتخابی مہم میں سعودی عرب کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے والے ڈونلڈ ٹرمپ سب سے پہلے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ (فوٹو: فائل)

واشنگٹن/ ریاض: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے جہاں سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ 

سعودی عرب کے بعد وہ اسرائیل اور پھر وٹیکن پہنچیں گے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں دنیا کے بڑے مذہبی مراکز کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ریاض اور امریکا میں تاریخی تعلقات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے میں اُن اختلافات کو دور کرنے میں مدد ملے گی جو اوباما دورِ حکومت میں سعودی عرب اور امریکا کے درمیان پیدا ہوگئے تھے۔ علاوہ ازیں اس دورے کے موقع پر سیاسی اور کاروباری شعبوں میں نئے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

عادل الجبیر نے گزشتہ روز ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی جبکہ صدر ٹرمپ کی سعودی عرب آمد کے موقعے پر مشترکہ عرب، امریکی اور اسلامی سربراہ اجلاس ہوگا جس میں 37 سربراہانِ مملکت کی شرکت متوقع ہے۔ اس اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ، تجارت، سرمایہ کاری، نوجوانوں اور ٹیکنالوجی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سعودی وزیرِ خارجہ نے اپنے پالیسی بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ اپنے اتحادی ممالک اور خاص طور پر امریکا کے ساتھ مل کر کام کریں گے؛ اور چاہیں گے کہ ایران ایک ’’عام ملک‘‘ کی طرح کردار ادا کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔