شاہد آفریدی نے ہیمپشائر کلب سے معاہدہ کر لیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 19 مئ 2017
گزشتہ سیزنز میں ہماری کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا، ڈائریکٹر کرکٹ ہیمپشائر۔ فوٹو: فائل

گزشتہ سیزنز میں ہماری کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا، ڈائریکٹر کرکٹ ہیمپشائر۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے سابق اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے نیٹ ویسٹ ٹی 20 بلاسٹ 2017 کے پورے سیزن کے لیے ہیمپشائر کرکٹ کلب سے معاہدہ کر لیا۔

شاہد آفریدی نے 2011 میں پہلی مرتبہ ہیمپشائر کی نمائندگی کی جہاں ان کی کارکردگی سے مداح خوب محظوظ ہوئے، انہوں نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں سمر سیٹ کے خلاف 42 گیندوں پر 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو فائنل میں رسائی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ 2016 میں انہوں نے کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے 17.36 کی اوسط سے 191 رنز بنائے تھے جب کہ 12 میچز میں 9 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ وہ مجموعی طور پر اب تک کلب کی جانب سے 18.32 کی اوسط سے 28 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

ڈائریکٹر کرکٹ ہیمپشائر جائلز وائٹ نے کہا کہ شاہد آفریدی کو دوبارہ ٹیم میں پرجوش طریقے سے خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے گزشتہ سیزنز میں ہماری کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا اور ان کا ٹیلنٹ ہمارے سکواڈ کے لیے موزوں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔