اگر بھارت پاکستان کا ایجنٹ پکڑتا تو وہ عالمی عدالت کی پرواہ بھی نہیں کرتا، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعـء 19 مئ 2017

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ  کلبھوشن یادیو نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کی اور اگر بھارت پاکستان کا ایجنٹ پکڑتا تو وہ عالمی عدالت کی پرواہ بھی نہیں کرتا۔

کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ہمارے ملک میں شریف خاندان کی لمیٹڈ کمپنی جب کہ سندھ میں زرداری خاندان کی لمیٹڈ کمپنی کی حکومت ہے، ایک چھوٹی کمپنی مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی اور اسفند یار کی بھی ہے یہ ساری کمپنیاں امیر ہوتی جارہی ہیں جب کہ قوم غریب اور یہ کرپشن کرکے پیسا ملک سے باہر بھیج رہے ہیں جس سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 سال میں 800 ارب روپے بیرون ملک منتقل کیے گئے، نوازشریف نے پاکستان سے پیسا چوری کرکے باہر بھیجا اور پراپرٹی بنائی  جب کہ قوم اپنے پیسے کو بچانے کیلئے کھڑی نہیں ہوگی تب تک کچھ نہیں ہوسکتا۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف بتائیں کہ ملک سے باہر آپ کے کون سے بزنس  اور کون سے آپ کے پارٹنر ہیں قوم جاننا چاہتی ہے جب کہ پاناما کیس پر بنائی گئی جے آئی ٹی کو کہیں گے کہ اس پر پوری تحقیقات ہونی چاہئے جے آئی ٹی دنیا کو کہے کہ نوازشریف کہ جتنے بزنس ہیں وہ ہمیں بتائیں، ہندوستان میں آپ کے بچوں کے کون سے بزنس پارٹنر ہیں جے آئی ٹی کو بتائیں اور یہ بھی بتائیں کہ آپ کے میڈیا سیل سے ڈان لیکس کی بات باہر کیسے نکلی، ڈان لیکس کے بعد جو کچھ آپ نے کیا اس پر قوم کو آپ پر اعتبار نہیں۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کے جوانوں کو حراست میں لیا گیا میں کہتا ہوں کہ تحریک انصاف کو مجبور نہ کریں ہم سڑکوں پر نکلیں اور احتجاج کریں جب کہ ہمیں اس کی پریکٹس بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مثال دی جاتی ہے خیبر پختونخوا پولیس کی اور بلوچستان کی پولیس مجھے کہہ رہی ہے کہ ہمیں خیبرپختونخوا کی پولیس کا ایکٹ چاہئے ہمیں ان کی طرح پولیس بنادیں انشا اللہ بلوچستان کو بھی کے پی کی پولیس جیسا بنائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ کہ بلوچستان سے سب سے زیادہ پیسے لوٹے جارہے ہیں جب کہ وفاق سے بھی پیسا نہیں ملتا اور ایک وزیر مشتاق رئیسانی ڈھائی ارب روپے چوری کرتا ہے یہ پیسا کس کا ہے یہ عوام کا پیسا ہے، کلبھوشن یادیو نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کی اور اگر بھارت پاکستان کا ایجنٹ پکڑتا تو بھارت پھر عالمی عدالت کی پرواہ بھی نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کرپٹ ہوتاہے توپٹواری اورتھانیدارسمیت نیچے سب کوکرپٹ کردیتاہے جب ملک کالیڈرصادق امین ہو تو سارے معاشرےکو ایماندار کردیتاہے، انشا اللہ بلوچستان میں وہ نظام لے کرآئیں گے کہ سب مثال دیں گے، نیب کو ایسا بنائیں گے کہ کسی طاقتور سے نہیں ڈرے اورکرپشن کرنے والے بڑے لوگوں کو پکڑے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔