گرین ٹاپ پچز سے ہم آہنگی کیلیے کوشش شروع

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 20 مئ 2017
احمد شہزاد ساتھیوں کو جوائن کر چکے،تجربہ دلانے کیلیے محمد عباس بھی طلب۔ فوٹو: فائل

احمد شہزاد ساتھیوں کو جوائن کر چکے،تجربہ دلانے کیلیے محمد عباس بھی طلب۔ فوٹو: فائل

برمنگھم:  پاکستانی کرکٹرز نے گرین ٹاپ پچز سے ہم آہنگی کیلیے کوشش شروع کر دی۔

چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلیے قبل از وقت انگلینڈ پہنچنے والے پاکستانی کرکٹرز نے پہلے روز فٹنس ٹیسٹ دیے تھے، جمعے کو پریکٹس کا بھی آغاز ہوگیا، وارم اپ کے بعد ٹریننگ میں جسمانی استعداد بڑھانے کیلیے طویل سیشن کیا گیا، اس دوران کھلاڑی مختلف ڈرلز میں مصروف رہے، انھوں نے طویل اور مختصر فاصلے کی دوڑوں میں حصہ لیا،جسمانی لچک بڑھانے کیلیے فزیو شان ہیز کی رہنمائی میں مختلف مشقیں بھی کیں تاہم کرکٹرز نے گرین ٹاپ پچز پر اپنی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کیا جبکہ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور انگلینڈ کی کنڈیشنز میں باؤنس اور سوئنگ کو پیش نظر رکھتے ہوئے تکنیکی خامیاں دور کرنے کیلیے کوشش کرتے رہے۔

علاوہ ازیں شعیب ملک اور سرفراز احمد نے طویل بیٹنگ سیشن کیا، بولنگ کوچ اظہر محمود نے نوبالز کو کنٹرول کرنے پر خصوصی توجہ دی، ٹریننگ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں احمد شہزاد بھی شامل تھے،اوپنر والدہ کی بیماری کے سبب پاکستان سے روانہ ہونے والے 8کرکٹرز کے ہمراہ نہیں تھے، انھوں نے اسکواڈ کو بعد میں جوائن کیا۔

دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ نے ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد عباس کو بھی چیمپئنز ٹرافی کیلیے کیمپ میں طلب کرلیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ون ڈے سکواڈ کے ساتھ پریکٹس سیشنز میں پیسر کو انگلش کنڈیشنز کا اچھا تجربہ حاصل ہوگا، وہ ہفتے کے روز دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کرتے ہوئے ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔

واضح رہے کہ برمنگھم میں ہفتے کو بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی ہوئی ہے، موسم کی مداخلت جاری رہی تو انڈور پریکٹس پر اکتفا کرنا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔