ٹرائنگولر سیریز میں بنگال ٹائیگرز نے آئرلینڈ پر ہاتھ صاف کرلیا

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 20 مئ 2017
سومیہ سرکار نے87رنز کی اننگز کھیلی، مستفیض نے4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ فوٹو: اے ایف پی

سومیہ سرکار نے87رنز کی اننگز کھیلی، مستفیض نے4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈبلن: ٹرائنگولر کرکٹ سیریز میں بنگال ٹائیگرز نے میزبان آئرلینڈ پر ہاتھ صاف کرلیا۔

گزشتہ روز بنگلہ دیش نے 182 کا آسان ہدف 27.1 اوورز میں2 وکٹ پر حاصل کرلیا، سومیہ سرکار نے 68 گیندوں پر87 کی ناقابل شکست اننگزکھیلی، جس میں 11چوکے اور2 چھکے شامل رہے، انھوں نے تمیم اقبال (47)کے ہمراہ ٹیم کو 95 رنزکا آغاز فراہم کیا، صابررحمان (35)  نے سومیہ کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلیے 76رنز جوڑے، مشفیق الرحیم 3 پر ناٹ آؤٹ رہے،کیون اوبرائن اور میک کارتھی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

قبل ازیں بنگال ٹائیگرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے آئرلینڈکو 46.3 اوورز میں 181 رنز تک محدود کردیا، آغاز پُراعتماد نہیں رہا ، ابتدائی 15 اوورز میں ایڈ جوائس کے 3 پارٹنر ساتھ چھوڑگئے۔ پال اسٹرلنگ (0) سلپ میں مستفیض کی گیند پرصابر رحمان کا کیچ بنے، ولیم پورٹر فیلڈ (22) نے مصدق حسین کو ریٹرن کیچ تھمایا، چوتھے نمبر پر آنے والے اینڈریو بلبیرین 12 رنز بنانے کے بعد شکیب کی جادوگری کا نشانہ بنے، جوائس نے 46 رنز بناکر ہمت دکھائی، وہ کمر کی انجری کی وجہ سے سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میں شریک نہیں ہوپائے تھے۔ نیل اوبرائن (30) مستفیض کوچھکا جڑنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے، تمیم اقبال نے تھرڈ مین پر سرسے اونچا کیچ عمدگی سے تھاما، مستفیض نے ہی کیون اوبرائن (10) اورگیری ولسن (6) کو بھی قابو کیا، جورج ڈوکریل 50 بالز پر 25رنز بناکر کچھ مزاحمت کرپائے، پیٹر چیس بغیر کوئی رن بنائے مشرفی کی گیند پر مشفیق کا میچ میں تیسرا کیچ بنے، مستفیض الرحمان نے 23رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، کپتان مشرفی مرتضیٰ نے 18رنز دے کر2 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ ڈیبیو بولر سنزمل الاسلام  نے بھی 2پلیئرز کو پویلین بھیجا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔