بھارتی جج نے کلبھوشن معاملہ عالمی عدالت میں لے جانا حماقت قرار دے دیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 مئ 2017
 بھارت کے خلاف ہر تنازعے کو عالمی عدالت میں اٹھایا جاسکے گا، جسٹس ریٹائرڈ مارکنڈے کاٹجو فوٹو: فائل

بھارت کے خلاف ہر تنازعے کو عالمی عدالت میں اٹھایا جاسکے گا، جسٹس ریٹائرڈ مارکنڈے کاٹجو فوٹو: فائل

نئی دلی: بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مارکنڈے کاٹجو نے کلبھوشن یادو کے معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کو حماقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو بھی آئی سی جے جانے کا موقع فراہم کردیا ہے۔

بھارت نے اپنے جاسوس کلبھوشن یادو کی پھانسی کو روکنے کے لئے عالمی انصاف عدالت سے حکم امتناعی تو حاصل کرلیا لیکن اب اسے اپنے ہی قانونی ماہرین کی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مارکنڈے کاٹجو نے آئی سی جے کا دروازہ کھٹکھٹانے کو بھارتی حکومت کی حماقت قرار دے دیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کلبھوشن کو پاکستانی قانون کے مطابق انجام تک پہنچائیں گے

مارکنڈے کاٹجو نے سوشل میڈیا پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے صرف ایک شخص کی جان بچانے کےلئے عالمی عدالت انصاف کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن ساتھ ہی پاکستان کے لئے متعدد دروازے کھول دیئے ہیں۔ اگر پاکستان مسئلہ کشمیر سمت دیگر مسائل کو بھی عالمی عدالت میں لے گیا تو پھر عالمی عدالت کے دائرہ اختیار پر بھارت کا اعتراض کرنا ممکن نہیں رہے گا۔

سابق جج نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے دائرہ اختیار پر پاکستان نے بہت ہی معمولی سا اعتراض کیا کیوں کہ وہ جانتا ہے کہ اب بھارت کے خلاف ہر تنازعے کو عالمی عدالت میں اٹھایا جاسکے گا اب یقیناً پاکستان بہت خوش ہوگا کیوں کہ اب دوطرفہ تنازعات عالمی عدالت میں جائیں گے اوربھارت مشکل میں پڑجائے گا، ہم پاکستان کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں بھارت نے اپنی ایک غلطی سے خود پنڈورا بکس کھول دیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کلبھوشن کیس میں پاکستان نے دوبارہ سماعت کی درخواست دیدی

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔