رواں سال دریافت ہونے والے نئے کیڑے مکوڑے اور پودے

ویب ڈیسک  پير 22 مئ 2017
سائنسدانوں نے ہیری پوٹر کی ٹوپی جیسی مکڑی اور گلابی پتے جیسے کیڑے سمیت کئی جاندار دریافت کئے ہیں۔ فوٹو: فائل

سائنسدانوں نے ہیری پوٹر کی ٹوپی جیسی مکڑی اور گلابی پتے جیسے کیڑے سمیت کئی جاندار دریافت کئے ہیں۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن: ہرسال نت نئے جاندار اور کیڑے مکوڑے دریافت ہوتے رہتے ہیں لیکن ماہرین نے اب مختلف ممالک میں نئے جاندار دریافت کئے ہیں جن کی ایک جھلک خود آپ کو بھی حیران کردے گی۔

ماہرین نے 2008 میں جانداروں کی نئی انواع کی دریافت کا ایک بین الاقوامی مشن شروع کیا تھا جس کے تحت اب تک کئی اہم اور نئے جاندار دریافت ہوئے ہیں اور اب انہوں نے 2017 کے تین ماہ میں تلاش کئے جانے والے 10 حیرت انگیز جانداروں کی تصاویر اور تفصیل شائع کی ہے۔

1: ہیری پوٹر مکڑی

بھارتی ریاست کرناٹکا کے مغربی گھاٹ سے ملنے والی یہ مکڑی ہیری پوٹر فلم کی مشہور جادوئی ٹوپی سے مشابہہ ہے۔ اس فلم میں جادو سکھانے والے چار افراد میں سے ایک گوڈرک گرائفنڈور ہوتا ہے اور اسی مناسبت سے مکڑی کا حیاتیاتی نام بھی ’ایریوویکسیا گرائیفنڈورائی‘ رکھا گیا ہے۔

اس چھوٹی سی مکڑی کی جسامت 7 ملی میٹر ہے اور یہ سوکھے پتوں اور مردہ جانداروں میں چھپ کر رہتی ہے۔ اسے بھارتی ماہر جاوید احمد نے دریافت کیا ہے۔

2: پتے نما گلابی کیڑا

ملائیشیا سے ملنے والی یہ مخلوق ایک کیڑا ہے جو عین گلابی پتے جیسا لگتا ہے۔ اس کی سب سے پہلی تصویر پیٹر کرک نے اتاری تھی اور اسی مناسبت سے اسے ’یولوفوفائلم کرکائی‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس میں مادہ کا رنگ گلابی اور نر کا رنگ سبز ہوتا ہے اور لمبائی 40 ملی میٹر یا ڈیڑھ انچ کے برابر ہے۔

 

3: ایک نیا چوہا

گریکلیمس ریڈکس ایک چھوٹا چوہا ہے جو انڈونیشیا سے ملا ہے یہ پودے اور اپنے سے چھوٹے جانوروں کو کھاتا ہے اور اس کی یہی بات سب سے عجیب ہے۔

انڈونیشیا کے سلاویسی جزائر سے اس کی سات نئی اقسام دریافت ہوئی ہیں۔

4: ایک ملی پیڈ جس کے 414 پیر ہیں

کیلیفورنیا کے سیقویا نیشنل پارک میں ایک تاریک جگہ سے ایک قسم کا کیڑا ’ ملی پیڈ‘ دریافت ہوا جس کے 414 پاؤں اور 4 عضوئے تناسل ہیں۔

 

خود کو بچانے کے لیے یہ زہریلا مواد خارج کرتا ہے۔

5: گیم آف تھرون والی چیونٹی

گیم آف تھرونز ٹی وی سیریز میں ایک ڈریگن دکھایا گیا ہے جس سے ملتی جلتی ایک چیونٹی دریافت ہوئی ہیں اور اس کے بدن پر کانٹے نما ابھار ہیں۔

پاپوا نیو گنی سے ایک چیونٹی ملی ہے  جسے تھری ڈی امیجنگ کی مدد سے تفصیلاً دیکھا گیا ہے اور اسے ’ ڈریگن چیونٹی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے بدن پر کانٹے دار ابھار ہیں جس سے وہ اپنا دفاع کرتی ہے۔

6:  پیلی ٹکیوں والی اسٹنگ رے

میٹھے پانی کی یہ بڑی اسٹنگ رے مچھلی برازیل کے دریا ٹوکانٹنس سے ملی ہے ۔ اس پر گول ٹکیہ جیسے پیلے اور نارنجی  دھبے ہیں اور اسی مناسبت سے اسے پولکا ڈاٹ کہا گیا ہے۔

بالغ اسٹنگ رے کا وزن 20 کلوگرام اور وزن 43 انچ تک ہے۔ برازیل کے اس دریا میں اب تک 350 مختلف اقسام کی مچھلیاں دریافت ہوچکی ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ اسٹنگ رے کو پوٹاموٹرائگون ریکس کا نام دیا گیا ہے۔

7: زہریلا کن کھجورا

تصویر میں نظر آنے والا عجیب و غریب کن کھجورا اسکولوپینڈرا کیٹریکٹا ہے جو پانی اور خشکی دونوں پر رہتا ہے۔ یہ رات کو نکلتا ہے اور اپنے سے چھوٹے جانداروں کو زہر سے بے بس کرکے کھالیتا ہے۔

اس کی لمبائی 8 انچ اور اس کے پیروں کی تعداد 40 ہے جبکہ سبزمائل سیاہ رنگ اسے مزید خوفناک بناتا ہے۔ اسے تھائی لینڈ میں دریافت کیا گیا ہے۔

8: خون بہانے والا ٹماٹر

جانوروں سے ہٹ کر ماہرین نے ایک نیا ٹماٹر دریافت کیا ہے جسے کاٹا جائے تو اس سے خون کی شکل کا مائع بہتا ہے۔ اسے سولینم اوسی کرونٹم کا نام دیا گیا ہے۔

اس کا پودا چھ فٹ تک بلند ہوتا ہے اور اس کا تنا ٹھوس لکڑی پر مشتمل ہوتا ہے۔

9: شیطانی شکل کا پھول

آرکڈ کا پھول ثعلب مصری بھی کہلاتا ہے اور اس کے درمیان میں ایک خاص شکل موجود ہے جو دیکھنے میں کسی شیطانی چہرے کی مانند دکھائی دیتی ہے۔  یہ کولمبیا سےدریافت ہوا ہے ۔

10: سمندری گلابی کیڑا

اسپین کے سمندروں میں 12 ہزار فٹ گہرائی میں ایک گلابی کیڑا ملا ہے جسے Xenoturbella churro کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا نام اسپین کی ایک پیسٹری کے نام پر رکھا گیا ہے اور اس کی شکل بھی پیسٹری سے ملتی جلتی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔