بے نظیر قتل میں نامزد پرویز مشرف کیخلاف مقدمہ داخل دفتر

قیصر شیرازی  پير 22 مئ 2017
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اصغر خان اب اس کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی /فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اصغر خان اب اس کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی /فائل

راولپنڈی: بے نظیر بھٹو قتل کیس میں نامزد ملزم سابق صدر پرویزمشرف کا کیس داخل دفتر کر دیا گیا ہے۔

بے نظیر بھٹو قتل کیس میں نامزد ملزم سابق صدر پرویزمشرف کا کیس دیگر7ملزمان سے الگ کر کے داخل دفتر کر دیا گیا ہے اور ملزم پرویز مشرف کی وطن واپسی پر کیس ری اوپن کیا جائے گا جبکہ دیگر ملزمان ڈی آئی جی سعود عزیز، ایس پی خرم شہزاد، اعتزاز شاہ، شیر زمان، رفاقت، حسنین، عبدالرشید کے خلاف بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت جاری رہے گی جبکہ ان ساتوں ملزمان کے27مئی کو صفائی کے بیان ریکارڈ کیے جائیں گے جس کے ساتھ اس مقدمے کی سماعت مکمل ہوجائے گی اور آخری مرحلے کی حتمی بحث شروع ہوگی۔

دوسری جانب ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز نے بتایاکہ صفائی کے بیان کے بعد حتمی بحث 3 روز جاری رہنے کا امکان ہے، عیدالفطر تک اس مقدمے کا فیصلہ سنائے جانے کا امکان بھی روشن ہوگیا ہے، یہ مقدمہ تھانہ سٹی پولیس نے 27 دسمبر 2007 کو درج کیا تھا اور یہ کیس 9 سال 4 ماہ 26 دن سے زیر سماعت ہے، راولپنڈی کی عدالتوں میں یہ سب سے پرانا مقدمہ زیر التوا رہ گیا ہے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اصغر خان اب اس کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔