وسیم اکرم نے ایک اور بھارتی بولر کو اسٹار بنوا دیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 22 مئ 2017
پونے کے جادیو نے اپنی کامیابی کا سہرا سابق پاکستانی پیسر کے سرباندھ دیا۔ فوٹو: فائل

پونے کے جادیو نے اپنی کامیابی کا سہرا سابق پاکستانی پیسر کے سرباندھ دیا۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت میں وسیم اکرم کا ایک اور شاگرد سپر اسٹار بن گیا، رائزنگ پونے سپر جائنٹ کے جادیو اناڈکٹ نے اپنی کامیابی کا سہرا پاکستان کے سابق فاسٹ بولرکے سرباندھ دیا۔

انڈین پریمیئر لیگ کے اس  سیزن میں رائزنگ پونے سپر جائنٹ کے لیے جادیو اناڈکٹ نے غیرمعمولی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 24 وکٹیں لیں۔ ان کی خدمات 2015 میں دہلی ڈیرڈیولز نے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے میں حاصل کی تھیں مگر انھیں صرف ایک ہی میچ کھلایا گیا تھا جس سے ان کی صلاحیتوں پر شکوک پیدا ہوگئے تھے مگر انھوں نے پونے کی جانب سے شاندار کم بیک کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سیزن میں اشوک ڈینڈا کی جانب سے ناکام رہنے کی وجہ سے پونے نے 25 سالہ جادیو اناڈکٹ پر انحصار کا فیصلہ کیا جس کا انھوں نے بھی مثبت جواب دیا اور کئی میچز وننگ پرفارمنس پیش کیں۔ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر وہ ڈیتھ اوورز میں بھی کپتان اسٹیون اسمتھ کا قابل اعتماد ہتھیار بن گئے، ان کی سلو ڈلیوریز اور آف کٹرز کی صلاحیت نے ان کی افادیت میں کہیں زیادہ اضافہ کیا جبکہ وہ گیند کو دونوں جانب سوئنگ بھی کرسکتے ہیں، اسی وجہ سے وہ پاورپلے اوورز میں تیزی سے وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس سیزن میں اپنی کامیابی کا انھوں نے مکمل کریڈٹ سابق پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم کو دیا ہے جن کے ساتھ انھوں نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں کام کیا تھا۔

جادیو کہتے ہیں کہ میں نے وسیم اکرم سے گیند کو سوئنگ کرنے کا آرٹ سیکھا، میں نے ان سے گیندپر مختلف انداز میں گرفت کے طریقے بھی سیکھے جوکہ پہلے میں نہیں جانتا تھا، اگرچہ میں ڈومیسٹک لیول پر طویل فاصلہ طے کرکے اس لیگ میں پہنچا تھا مگر وسیم اکرم نے ہی مجھے بولنگ کا بنیادی سبق سکھایا۔ اس سیزن میں اناڈکٹ کا اکانومی ریٹ بھی7 کے قریب رہا۔ وہ اپنی کامیابی میں فرنچائز کپتان اسٹیون اسمتھ اور سابق قائد مہندرا سنگھ دھونی کے بھی شکرگزار ہیں۔

فاسٹ بولرکا کہنا ہے کہ اسمتھ اور دھونی دونوں ہی میری مضبوطی کو اچھی طرح جانتے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیلڈ سیٹ کرتے ہیں، دونوں نے مل کر ٹیم کی قیادت کی ہے، ایک اگر بولرز کو ہدایات دے رہا ہوتا تو دوسرے اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیلڈ سیٹ کراتا، اس طرح مجھے صرف اور صرف اپنی توجہ بولنگ پر ہی مرکوز رکھنے میں مدد ملتی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔