عالمی شہرت یافتہ مصور گُل جی کے قاتلوں کو عمر قید کی سزا

ویب ڈیسک  منگل 23 مئ 2017
ملزمان اکرم اور انورعلی مقتولین کے گھر میں ملازم تھے اور انہوں نے گل جی، ان کی اہلیہ کو ملازمہ کو 2007 میں قتل کیاتھا : فوٹو : فائل

ملزمان اکرم اور انورعلی مقتولین کے گھر میں ملازم تھے اور انہوں نے گل جی، ان کی اہلیہ کو ملازمہ کو 2007 میں قتل کیاتھا : فوٹو : فائل

کراچی: عالمی شہرت یافتہ مایہ ناز پاکستانی مصور اسماعیل گل جی کے 2 قاتلوں کو 10 سال بعد عمرقید کی سزا سنا دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈیشنل جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے معروف آرٹسٹ گل جی قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا اور 10 سال کے بعد بالآخر قاتلوں کو 3،3 بار عمر قید کی سزاسنائی گئی۔ سزاپانے والے  ملزمان اکرم اور انورعلی مقتولین  کے گھر میں ملازم تھے اور انہوں نے  مصوری، فن خطاطی اور مجسمہ سازی میں منفرد شہرت رکھنے والے پاکستانی مصور اسماعیل گل جی کو 16 دسمبر 2007 کو اہلیہ اور ملازمہ کے ہمراہ کراچی میں قتل کر دیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: گل جی قتل کیس میں ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

مقتولین کی لاشیں 3 روز بعد بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن بلاک 3 میں واقع ان کے ذاتی بنگلے سے ملی تھیں ، قتل کا مقدمہ بیٹے کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا اور ابتدائی تحقیقات میں مقتولین کا ڈرائیور اور چوکیدار مقتول کی گاڑی کے ہمراہ غائب تھے، 2 ماہ بعد 16 فروری کو کراچی کینٹ اسٹیشن کے قریب واقع مقامی ہوٹل میں ڈرائیور اکرم اور چوکیدار انور علی کو پولیس نے چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا اور دوران تفتیش ملزمان سے مقتول کے قیمتی نایاب فن پارے ، دیگر چوری کا سامان برآمد کیا گیا جبکہ ملزمان نے گاڑی پنجاب میں فروخت کردی تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: گل جی قتل کیس ملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے چالان عدالت میں جمع کرادیا تھا اور ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا مقدمہ تاحال سیشن عدالت میں التواکا شکار تھا تاہم اب ملزمان کو آج 10 سال بعد عمرقید کی سزا سنائی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔