شاہ نورانی مزارسمیت دیگر وارداتوں میں ملوث دہشتگرد گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 23 مئ 2017

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرکے سول اسپتال، پولیس ٹریننگ سینٹراور شاہ نورانی مزار سمیت دہشتگردی کی 24 وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار کرلیا ہے۔

وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کوئٹہ میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے سرفراز بگٹی نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ اوربم دھماکوں میں ملوث کالعدم تنظیم کے کمانڈر سعید احمد عرف تقوی کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا جس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم لشکر جھنگوی سےتھا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد سول اسپتال، پولیس ٹریننگ سینٹراور شاہ نورانی مزارسمیت 24 بم دھماکوں اور اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد نے بیرسٹر امان اللہ کوبھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔