سنگا کارا کا فرسٹ کلاس کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان

اسپورٹس ڈیسک  منگل 23 مئ 2017
کمار سنگا کارا نے سری لنکن ٹیم کو 2007 اور 2011 ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کمار سنگا کارا نے سری لنکن ٹیم کو 2007 اور 2011 ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

 لندن: سری لنکا کے لیجنڈ کرکٹر کمار سنگا کارا نے فرسٹ کلاس کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

کمار سنگا کارا نے کہا ہے کہ میرے اندر کا سپاہی ابھی تک زندہ ہے تاہم یہ ریٹائرمنٹ لینے کا اچھا وقت ہے، انگلش کاﺅنٹی چیمپئن شپ ستمبر میں ختم ہونے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائر ہوجاﺅں گا، خوش قسمت ہوں کہ جتنا چاہا اس سے بھی زیادہ کرکٹ کھیلی، مگر زندگی میں کھیل کے علاوہ بھی کرنے کے بہت سے کام ہیں، اب اپنی فیملی کو وقت دینا چاہتا ہوں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :سری لنکن کرکٹر کمارسنگا کارا کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

39 سالہ کرکٹر نے 134 ٹیسٹ میچز میں 57.40 کی اوسط سے 12400 رنز بنا رکھے ہیں، وہ 52 ففٹیز، 38 سنچریز کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے پلیئرز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ انہوں نے 404 ون ڈے مقابلوں میں 41.98 کی اوسط سے 25 سنچریز اور 93 نصف سنچریز کی مدد سے 14234 رنز بنا رکھے ہیں۔ جب کہ 56 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 1382 رنز بھی ان کے کریڈٹ پر ہیں۔ انہوں نے سری لنکن ٹیم کو 2007 اور 2011 ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ 2014 کی فاتح سری لنکن ٹیم کے رکن بھی تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔