ایسے کردار کرنا چاہتی ہوں جو لوگوں کے دل و دماغ پر چھاپ چھوڑ دیں، حرا مانی

نمرہ ملک  جمعرات 25 مئ 2017
 منفرد اور دلچسپ کرداروں کا انتخاب ترجیح ہے کچھ اعتراضات کی بنا پر بالی ووڈ سے فلم کی آفر ٹھکرا دی تھی ،’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

 منفرد اور دلچسپ کرداروں کا انتخاب ترجیح ہے کچھ اعتراضات کی بنا پر بالی ووڈ سے فلم کی آفر ٹھکرا دی تھی ،’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

 کراچی: خوبرو اداکارہ حرا مانی نے کہا کہ میں چاہتی ہوں لوگ میری شخصیت کو نہیں بلکہ میرے کردار کو یاد رکھیں، ایسے کردار کرنا چاہتی ہوں جو لوگوں کے دل و دماغ پر چھاپ چھوڑ دیں، ڈرامہ ’’سن یارا‘‘ میرے کیرئیر کا بہترین انتخاب ہے اگر یہ ڈرامہ نہ کرتی تو افسوس ہوتا ہے۔

حرا مانی یوں تو کافی عرصہ سے میزبانی کے شعبہ سے وابستہ ہیں تاہم دو سال قبل انھوں نے احسن خان کے ساتھ ڈرامہ ’’پریت نہ کریو کوئی‘‘ کے ساتھ اداکاری کے شعبہ میں آئی، ایک ہی ڈرامہ میں عورت کی زندگی کے تین ادوارکی عکاسی کرکے خود کا لوہا منوایا۔

اداکارہ نے کہا کہ ’’پریت نہ کریو کوئی‘‘ پر کافی مثبت رسپانس ملا تھا تاہم اس کے بعد دو سال کا بریک لیا کیونکہ بچہ بہت چھوٹے تھے اور ان کی پرورش متاثر نہیں کرنا چاہتی، دو سال میں بہت سے ایسے ڈرامہ بھی آفر ہوئے جو بعد میں بہت کامیاب ہوئے لیکن میں ہر چیز اور رشتہ میں توازن برقرار رکھنے کی حامل ہوں، کام کی وجہ سے خاندان اور بچوں کو نظر انداز نہیں کرسکتی تھی۔ اب وہ بڑے ہورہے ہیں اور میری مصروفیت کوسمجھتے ہیں تو لگاتار ڈراموں میں کام کررہی ہوں، فی الوقت دانش نواز کی ہدایات میں بننے والا ڈرامہ’’سن یارا‘‘ میں کام کررہی ہوں، سوچ اور توقعات سے بڑھ کر پذیرائی مل رہی ہے۔

حرا مانی نے بتایا کہ ڈرامہ ’’سن یارا‘‘ میرے کیرئیر کا بہترین انتخاب ہے اگر یہ ڈرامہ نہ کرتی تو افسوس ہوتا ہے، بہت سے ڈراموں کی آفرز ہوئیں لیکن بچوں کی وجہ سے چھوڑ دیے ، اگر ہدایت کار دانش نواز نے روشانے کے کردار کرنے کے لیے نہ منایا ہوتا رتو شاید یہ بھی نہ کرتی۔

اداکارہ نے کہا کہ جنید کے ساتھ میری جوڑی کو بہت سراہا جارہا ہے، سوشل میڈیا پر پرستار کہتے ہیں کہ ڈرامہ ہمسفر میں ماہرہ اور فواد کی جوڑی کے بعد انھیں جنید خان اور میری جوڑی دل کو بھا گئی ہے۔ جو کہ میرے لیے کافی بڑی بات ہے اگر ہماری جوڑی کو لوگ پسند کررہے ہیں اور ایسا فیڈ بیک مل رہا ہے، جنید کے ساتھ کام کرنے میں بہت مزا آیا ، تجربہ انتہائی خوشگوار اور دلچسپ رہا اگر موقع مل تو دوبارہ کام کرنا چاہوں گی۔انھوں نے بتایا کہ دیگر پروجیکٹس بلقیس عرف بٹو اور یقین کا سفر بھی ساتھ چل رہے ہیں جو کہ بلکل مختلف ہیں کوشش رہتی ہے کہ یکسانیت والے کردار نہ کروں بلکہ منفرد اور دلچسپ کردار کا انتخاب کروں۔

حرا نے بتایا کہ گذشتہ برس بالی ووڈ سے فلم کی آفر تھی تاہم کچھ اعتراضات کے باعث فلم ٹھکرا دی تھی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے بلکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ ٹی وی ڈرامہ اس قدر طاقت رکھتے ہیں ، بہت کم وقت میں لوگوں نے بہت محبت دی، سوشل میڈیا پر شائقین کے محبت بھرے پیغامات وصول ہوتے رہتے ہیں جو میری حوصلہ افزائی کرتے ہیں اورمجھے مزید بہتر کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اداکاری کے شعبہ میں مانی کی وجہ سے آئی ہوں کیونکہ وہ میری حوصلہ افزائی کرتے رہتے ہیں کہ تمہارے اندر اداکارہ چھپی ہوئی ہے اس کیرئیر میں آگے بڑھو، اگر شوہر کی سپورٹ ہو تو عورت یقیناً تمام چوٹیاں سر کرسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔