حصص مارکیٹ 52876 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

بزنس رپورٹر  جمعرات 25 مئ 2017
188 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں،کاروباری حجم میں نمایاں اضافہ، 60 کروڑ 66 لاکھ حصص کے سودے۔  فوٹو: اے ایف پی/فائل

188 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں،کاروباری حجم میں نمایاں اضافہ، 60 کروڑ 66 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

 کراچی: نئے وفاقی بجٹ میں کیپٹل مارکیٹ سے متعلق مثبت اقدامات کی توقعات اورغیرملکیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس52876 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

تیزی کے باعث44.76 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید1 کھرب26 ارب6 کروڑ75 لاکھ11 ہزار761 روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی 104کھرب46ارب روپے سے تجاوز کرگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں کی جانب سے5 ملین ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے 12 ملین ڈالر کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے ایک موقع پر956 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس پہلی بار 53100 پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگیاتھا لیکن اس دوران بینکوں، انفرادی سرمایہ کاروں اور انشورنس سیکٹر کی جانب سے مجموعی طور پر 17.5 ملین ڈالر کے سرمائے کاانخلا کیا گیا جس سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی ہوئی لیکن سرمائے کے اس انخلاکے باوجودکاروبارکے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں ہی رہی اورمارکیٹ کا گراف تیزی کی جانب گامزن رہا۔

دوسری جانب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس729.49 پوائنٹس اضافے سے 52876.46 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 450.39 پوائنٹس بڑھ کر 28172.76 ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1561.62 پوائنٹس کے اضافے سے 90677.57 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 295.93 پوائنٹس بڑھ کر 25445.31 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 87.29 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر60 کروڑ66 لاکھ93 ہزار390 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار420 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں188 کے بھاؤ میں اضافہ، 215 کے داموں میں کمی اور 17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔