پاکستان سے میچ؛ کوہلی توقعات کے دباؤ سے جان چھڑانے لگے

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 25 مئ 2017
جذباتی ہونے کی ضرورت نہیں،اسے بھی دیگرمیچز کی طرح ہی لیں گے، بھارتی قائد۔ فوٹو : اےا یف پی

جذباتی ہونے کی ضرورت نہیں،اسے بھی دیگرمیچز کی طرح ہی لیں گے، بھارتی قائد۔ فوٹو : اےا یف پی

نئی دہلی: بھارتی کپتان ویرات کوہلی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان سے میچ کی توقعات کے دباؤ سے جان چھڑانے لگے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کیلیے انگلینڈ روانگی سے قبل ویرات کوہلی نے ملکی میڈیا کا سامنا کیا، وہاں ہر کوئی ان سے پاکستان کیخلاف افتتاحی میچ کی تیاریوں کا جاننے کیلیے مشتاق دکھائی دیا،کوہلی نے روایتی حریف سے میچ کے بارے میں پائے جانے والے جوش و خروش کو ہوا دینے کے بجائے دبانے کی کوشش کی۔ روایتی حریفوں کا مقابلہ برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں 4 جون کو شیڈول ہے۔

کوہلی نے کہاکہ ایک کرکٹر ہونے کے ناطے اسٹیڈیم سے باہر کیا چل رہا ہے اسے ہم کنٹرول نہیں کرسکتے۔ یہ بات درست ہے کہ یہ ایک بڑا میچ ہوگا لیکن ہمارے ذہنوں میں دیگر مقابلوں سے قطعی مختلف نہیں ہے، پاک بھارت میچ کے حوالے سے بننے والا ماحول ہمارے اختیار سے باہر مگر ٹیم کیلیے یہ بھی محض دیگر مقابلوں جیسا ہی ہوگا۔

28 سالہ کوہلی نے مزید کہا کہ اس میچ سے قبل بہت زیادہ جذباتی ہونے کی بھی کوئی ضرورت نہیں ہے، ہمیں خود کو کنٹرول میں رکھنا چاہیے تاکہ بہتر نتائج حاصل کرسکیں۔

علاوہ ازیں شوپیس ایونٹ کی تیاریوں کے بارے میں کوہلی نے کہاکہ  گزشتہ ایونٹ میں ہمیں روہت شرما اور شیکھر دھون کی صورت میں بہترین اوپننگ جوڑی ملی تھی، اسپنرز کی کارکردگی بھی اچھی رہی لیکن فاسٹ بولرز نے اہم حصہ ڈالا تھا، اس بار بھی ہمیں صورتحال کے مطابق کھیلنے اور جلد سے جلد کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہوگی۔

ویرات کوہلی نے امید ظاہر کی کہ ٹیم میں شامل سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور سینئر آل راؤنڈر یوراج سنگھ کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔