دنیا کا طویل اور مختصر ترین روزہ کن ممالک میں ہوگا؟

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 مئ 2017
سال 2017 میں طویل ترین روزہ گرین لینڈ اور مختصر ترین روزے کا دورانیہ چلی میں ہوگا۔ فوٹو: فائل

سال 2017 میں طویل ترین روزہ گرین لینڈ اور مختصر ترین روزے کا دورانیہ چلی میں ہوگا۔ فوٹو: فائل

رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور اس بار موسمِ گرما کی آمد کے باعث دنیا کے کئی علاقوں میں روزے طویل اور گرم ترین ہیں جب کہ بعض علاقوں میں ان کا دورانیہ بہت مختصر ہوگا۔

عالمی اداروں کے مطابق شمالی نصف کرے میں روزے کے اوقات طویل ہوں گے جبکہ جنوبی نصف کرے میں قدرے مختصر ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جن علاقوں میں یومِ صیام کا دورانیہ چھوٹا ہے وہاں موسم قدرے ٹھنڈا بھی ہے۔

گزشتہ برس رمضان کے اوقات 11 سے 22 گھنٹے کے درمیان تھے اور اس سال 10 گھنٹے (مثلاً چلی) سے لے کر 21 گھنٹے ( مثلاًگرین لینڈ) پر محیط ہوں گے۔ پورے رمضان میں طلوعَ آفتاب اور سورج غروب ہونے کے فرق کی وجہ سے روزے کے اوقات میں چند منٹوں کا فرق نمایاں رہے گا۔ یعنی بعض ممالک میں روزہ بتدریج بڑا اور کچھ علاقوں مختصر ہوتا چلاجائے گا۔

اس سال دنیا کے مختلف علاقوں میں روزوں کا دورانیہ کچھ اس طرح ہوگا: اس چارٹ میں طویل ترین دورانیہ پہلے ہے جبکہ مختصر ترین روزوں کا ذکر آخر میں دیا گیا ہے۔

گرین لینڈ میں روزے کا دورانیہ 21 گھنٹے کا ہوگا۔ سورج دو بج کر 16 منٹ (اے ایم) پر طلوع ہوگا اور 11 بج کر 14 منٹ (پی ایم ) پر غروب ہوگا۔

اسٹاک ہوم، سویڈن میں روزہ ساڑھے 19 گھنٹے کا ہوگا۔

روس کے شہر ماسکو کو مرکز بنایا جائے تو روزے کا اوسط دورانیہ 19 گھنٹے کا ہوگا

لندن میں روزہ ساڑھے اٹھارہ گھنٹے پر محیط ہوگا۔

قازقستان کے شہر استانہ میں روزہ ساڑھے اٹھارہ گھنٹے کا ہوگا۔

بیلجیئم کا روزہ بھی ساڑھے اٹھارہ گھنٹے کا ہوگا۔

چین میں روزہ ساڑھے سولہ گھنٹے طویل ہوگا۔

نیویارک کے مسلمان ساڑھے سولہ گھنٹے روزے میں رہیں گے۔

ٹوکیو میں روزہ 16 گھنٹے کا ہوگا۔

افغانستان، مراکش اور پاکستان میں روزہ 16 گھنٹے طویل ہوگا۔

مصر میں روزہ ساڑھےپندرہ گھنٹے کا ہوگا

نئی دہلی ، ہانگ کانگ اور بنگلہ دیش کا روزہ پندرہ گھٹے پر محیط ہوگا۔

اسی طرح قطر، اومان اور سعودی عرب میں روزہ اوسطاً پندرہ گھنٹے طویل ہوگا۔

یمن اور ایتھیوپیا کا روزہ 14 گھنٹے۔

ملائیشیا میں ساڑھے تیرہ گھنٹے طویل ہوگا۔

جبکہ برازیل، انگولا اور انڈونیشیا کا روزہ 13 گھنٹے پر ہوگا۔

زمبابوے کا روزہ ساڑھے بارہ گھنٹے اور جنوبی افریقہ میں 12 گھنٹے کاہوگا۔

آسٹریلیا کا روزہ ساڑھے گیارہ گھنٹے اور چلی کا روزہ دس گھنٹے کا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔