سلومیاں کے بہنوئی کترینہ سے محبت کی پینگیں بڑھانے کو تیار

ویب ڈیسک  جمعرات 25 مئ 2017
سلمان خان نے اپنے بہنوئی کو کترینہ کی زلفوں کے اسیر ہونے میں مدد کی فوٹو:فائل

سلمان خان نے اپنے بہنوئی کو کترینہ کی زلفوں کے اسیر ہونے میں مدد کی فوٹو:فائل

ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان  نے چھوٹی بہن ارپتاخان کے شوہر ایوش شرما کو فلم نگری میں متعارف کرانے کی ٹھان لی۔

سلمان خان اب تک فلم نگری میں کئی اداکاروں اور اداکاراؤں کو متعارف کراچکے ہیں اور کئی کے فلمی کیرئیر کو کامیابی کی شاہراہ پر گامزن کیا ہے یہی وجہ ہے کہ انہیں بالی ووڈ میں  ’’گاڈ فادر‘‘ کہا جاتا ہے  لیکن اب سلو میاں نے اپنے گھر کے فرد کو بھی فلم نگری میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  سلمان خان نے اپنی لے پالک چھوٹی بہن ارپتا خان کی ناراضی دور کرنے کے لیے ان کے شوہرایوش شرما کو فلم نگری میں متعارف کرانے کی ٹھان لی جس کے بعد انہیں فلم’’رات باقی‘‘ میں کاسٹ کرادیا ہے ۔

سلو میاں کے بہنوئی ایوش شرما سے قبل فلم ’’رات باقی‘‘ کے لیے پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کو کاسٹ کیا گیا تھا لیکن پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد اب ان کی جگہ ایوش کترینہ کیف سے عشق لڑاتے نظر آئیں گے جب کہ فلم سلمان خان فلمز کے بینر تلے بنائی جائے گی جس کی ہدایت کاری کے فرائض ادتیہ دھار سرانجام دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔