ٹویٹر نے 69 نئے اور دلچسپ ایموجی متعارف کرادیے

ویب ڈیسک  پير 29 مئ 2017
اس اضافے کے بعد ٹویٹر پر ایموجی کی مجموعی تعداد 239 ہو گئی ہے۔ فوٹو: بشکریہ ٹویٹر

اس اضافے کے بعد ٹویٹر پر ایموجی کی مجموعی تعداد 239 ہو گئی ہے۔ فوٹو: بشکریہ ٹویٹر

 لندن: ٹویٹر نے اپنے صارفین کے احساسات کو بہتر طور پر بیان کرنے کے لیے 69 نئے اور دلچسپ ایموجی متعارف کرا دیئے ہیں۔

ٹویٹر نے مختلف اشکال اور احساسات پر مبنی ان ایموجیز کو 5.0 ورژن کے تحت ریلیز کیا ہے، پہلے مرحلے میں یہ ٹویٹر کے براؤزر ورژن کے تحت ریلیز کئے گئے ہیں جب کہ اس کے بعد اسمارٹ فون پر بھی ریلیز کئے جائیں گے۔ ٹویٹر نے بعض عجیب وغریب ایموجیز بھی متعارف کرائے ہیں جن میں مردانہ پری، ذرافہ، مردانہ اور زنانہ جن، دعائیہ ہاتھ، دو طرح کے ڈائنوسار، کھوپرا، بروکولی، یوگا اور کئی ممالک کے پرچم شامل ہیں۔ اس اضافے کے بعد ٹویٹر پر ایموجی کی مجموعی تعداد 239 ہو گئی ہے۔

ٹویٹر کے ویب ورژن کے لیے یہ ایموجی فوری طور پر دستیاب ہیں جب کہ اسمارٹ فونز پر اینڈارئڈ اور آئی او ایس ورژنز استعمال کرنے والے صارفین کو ان نئے ایموجیز کے لئے تھوڑا انتظار کرنا ہو گا۔

ٹویٹر کے ڈیزائنر برائن ہیگرٹی کا کہنا ہے کہ ہم نے ٹویٹر ڈاٹ کام پر ٹویموجی شامل کئے ہیں جو اوپن سورس بھی ہے، اس پیغام میں ستارہ آنکھوں والا ایک ایموجی بھی شامل کیا گیا ہے جو بالکل نیا بھی ہے۔

یہ تمام آئکن ایموجی پیڈیا پر دستیاب ہیں جنہیں آپ ہی کے لیے بنایا گیا ہے، ان میں ڈریکولا، جل پری اور اس جیسے دیگر دیومالائی ایموجیز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سینڈوچ اور کریم پائی کے ایموجی بھی موجود ہیں۔ ڈاڑھی والے شخص، سر ڈھانپی خواتین و مرد اور بچے کو دودھ پلانے والی خاتون کا ایموجی بھی موجود ہے۔ اس میں جانوروں میں کانٹوں والا سہہ، زرافہ، زیبرا، ٹڈا اور دو ڈائنوسار شامل کئے گئے ہیں جب کہ مختلف پروفیشنلز میں راک اسٹار سے سائنسدان تک 11 ایموجی موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔